جیلوں میں بیماریاں ہوتی ہیں ، مذاق نہیں اڑانا چاہئے : گورنر پنجاب
زرداری نے بہادری سے جیل کاٹی ، پی ٹی آئی ہر چیز پر سیاست کر رہی ہے شکوک و شبہات پیدا ہورہے ڈیل ہو رہی ہے یا ڈھیل:سردار سلیم حیدر
لاہور،مانانوالہ (سپیشل رپورٹر،این این آئی)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نے 14 سال جیل کاٹی اورکبھی نہیں کہا مجھے ملک سے باہر بھیجا جائے ،آصف زرداری نے سب سے بڑھ کر بہادری سے جیل کاٹی ،جیلوں میں بیماریاں ہوتی ہیں ، کسی کی بیماری پر مذاق نہیں اڑانا چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سیکرٹری جنرل پیپلزپارٹی نیئر بخاری کے ہمراہ سیلانی ٹرسٹ مال روڈ پر افطار کیلئے پانی/جوس کی سہولت کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے کیا۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ہر چیز پر سیاست کر رہی ہے ،جب ان کو کہا گیا بانی کا علاج اپنے سامنے کروا لیں تب پی ٹی آئی میں سے کوئی بھی نہیں آیا ، عمران خان کے علاج کیلئے پی ٹی آئی رہنماؤں کو جانا چاہیے تھا،شکوک و شبہات پیدا ہورہے ہیں کہ ڈیل ہو رہی ہے یا ڈھیل۔
نیئر بخاری نے کہا آصف علی زرداری کو گورنر ہاؤس لاہور سے 1994 میں گرفتار کیا گیا تو کسی نے کوئی چیخ و پکار نہیں کی،بانی پی ٹی آئی میں اتنا حوصلہ نہیں جتنا آصف زرداری نے دکھایا ،ہم 2024 ئمیں حکومت کا ساتھ نہ دیتے تو آج ملک میں پارلیمانی جمہوریت نہ ہوتی۔ علاوہ ازیں مانانوالہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بلاول کو وزیر اعظم پاکستان بنا کر دم لیں گے ،پیپلز پارٹی کا منشور غریبوں، کسانوں اور مزدوروں کے لئے کھڑا ہونا ہے ،پنجاب کی عوام کیلئے گورنر ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں،ہر ممکن کوشش کروں گا واٹر سپلائی منصوبے یا ننکانہ گورونانک یونیورسٹی کو درپیش مسائل جلد حل کئے جائیں گے ۔