شہباز شریف ،امریکی وزیرخارجہ ملاقات ،پاک امریکا سٹریٹجک تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق
اعلیٰ سطح روابط پر بات چیت ، باہمی تجارت کے فروغ اور انسداد دہشتگردی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا عزم توانائی، کان کنی و معدنیات، زراعت میں فنانسنگ بڑھائی جائے ، ڈی ایف سی وفد کیساتھ گفتگو ،لندن پہنچ گئے ، کل واپسی
اسلام آباد،واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرِاعظم شہباز شریف کی واشنگٹن میں امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سے اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک امریکا سٹریٹجک تعلقات مزید مضبوط بنانے ، باہمی تجارت کے فروغ اور انسداد دہشتگردی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔ غزہ امن بورڈ اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، امن منصوبے اور دیگر امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار بھی شریک تھے ۔ شہباز شریف نے امریکی صدر اور وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کو غزہ امن بورڈ کے افتتاحی اجلاس پر مبارکباد دی اور غزہ امن منصوبے پر عملدرآمد کیلئے پاکستان کے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکا کے سٹریٹجک تعلقات کی اہمیت پر زور دیا گیا اور شراکت داری پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارت اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے ، جبکہ دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔گفتگو میں بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کے تناظر میں اعلیٰ سطح روابط کی اہمیت اجاگر کی گئی اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔دریں اثنا وزیراعظم سے یونائیٹڈ سٹیٹس انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بینجمن بلیک کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ، شہباز شریف نے پاکستان اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی معاشی شراکت داری کے فروغ اور دونوں ممالک کے نجی اداروں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کو متحرک کرنے میں انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے توانائی، کان کنی و معدنیات، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی )کے شعبوں میں منصوبوں کے لیے فنانسنگ میں اضافہ پر زور دیا ہے ۔
انہوں نے ڈی ایف سی کے ایک بلین ڈالر سے زیادہ کے پورٹ فولیو کو سراہا اور دونوں ممالک کی اقتصادی ترجیحات کے درمیان ہم آہنگی پر روشنی ڈالی جو کاروباری تعاون (بی ٹو بی ) کے فروغ کے لیے باہمی طور پر فائدہ مند مواقع ہیں۔ وزیراعظم نے ڈی ایف سی کو اپریل میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی آئندہ معدنیات کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔ بینجمن بلیک نے وزیراعظم کو ڈی ایف سی کے سٹرٹیجک اقدامات، ترجیحات اور پاکستان میں متوقع پراجیکٹس کے بارے میں آگاہ کیا اور پاکستان میں ڈی ایف سی کی سرمایہ کاری میں اضافے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایف سی شراکت دار ممالک میں اقتصادی ترقی کی حمایت کیلئے تیار ہے ۔ وزیر اعظم نے بنجمن بلیک کو پاکستان میں مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں میں باہمی طور پر مفید سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔شہباز شریف دورہ امریکا مکمل کرنے کے بعد لندن پہنچ گئے جہاں وہ ایک روزہ قیام کے بعد کل اتوار کو وطن واپس آئیں گے ۔