ہانگ کانگ کے کوفن ہومز میں2لاکھ افراد کیسے رہتے ہیں
ہانگ کانگ(نیٹ نیوز)ہانگ کانگ کو دنیا کے مہنگے ترین شہروں میں شمار کیا جاتا ہے ، مگر اسی شہر میں ایک تلخ حقیقت بھی چھپی ہے جہاں ہزاروں لوگ انتہائی تنگ اور غیر معیاری گھروں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جنہیں ‘کوفِن ہومز’ کہا جاتا ہے ۔
یہ گھر صرف 16 سکوائر فٹ پر مشتمل ہوتے ہیں،دراصل لکڑی یا دھات کے بنے ہوئے چھوٹے ڈبے ہوتے ہیں جو ایک ہی فلیٹ میں کئی منزلوں کی شکل میں لگائے جاتے ہیں، ایک 800 سکوائر فٹ کے فلیٹ میں تقریباً 30 تک ایسے یونٹس بنائے جاتے ہیں جبکہ رہائشی اسی تنگ جگہ میں سوتے ، کھاتے اور اپنی روزمرہ کی زندگی گزارتے ہیں۔ ہانگ کانگ کی چمکتی اسکائی لائن خوش حالی کی تصویر دکھاتی ہے مگر اسی شہر میں کوفن ہومز میں بسنے والے افراد اس ترقی سے کوسوں دور ہیں، یہ گھروں کی کمی اور مہنگائی کا وہ رُخ ہے جو اکثر نظروں سے اوجھل رہتا ہے ۔