پاکستان کا14برس بعد کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس،معاشی توازن کیلئے اہم :آئی ایم ایف

پاکستان کا14برس بعد  کرنٹ  اکاؤنٹ  سرپلس،معاشی  توازن  کیلئے  اہم :آئی  ایم  ایف

مہنگائی کی شرح کو قابو میں رکھنے میں بھی پیش رفت ،مالی کارکردگی مستحکم رہی:ڈائریکٹر کمیونی کیشن جولی کوزیک آئی ایم ایف وفد 25 فروی کو دورہ کریگا، توسیعی فنڈ سہولت کے تحت تیسرے جائزے پر بات ہوگی:میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی  معیشت میں استحکام کی سمت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے ۔پاکستان کا 14 برس بعد پہلی مرتبہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہا جو کہ معاشی توازن کیلئے اہم ہے ۔واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)کی ڈائریکٹر کمیونی کیشن جولی کوزیک نے واضح کیا کہ آئی ایم ایف کا ایک وفد 25 فروری سے پاکستان کا باضابطہ دورہ کرے گا، جس میں اہم معاشی امور زیر بحث آئیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ اس دورے کے دوران توسیعی فنڈ سہولت کے تحت جاری پروگرام کے تیسرے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی کے دوسرے جائزے پر حکام سے تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ای ایف ایف پروگرام کے تحت اختیار کی گئی پالیسیوں نے پاکستانی معیشت کو استحکام فراہم کیا اور مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانے میں مدد دی۔جولی کوزیک نے کہا کہ مالی سال 2025 کے دوران پاکستان کی مالی کارکردگی مستحکم رہی اور ملک نے مجموعی قومی پیداوار کے 1.3 فیصد کے برابر بنیادی مالیاتی سرپلس حاصل کیا، جو طے شدہ اہداف سے ہم آہنگ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت معاشی اصلاحات کے تسلسل کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے نشاندہی کی کہ مہنگائی کی شرح کو قابو میں رکھنے میں بھی پیش رفت ہوئی ہے ، جبکہ مالی سال 2025 میں پاکستان نے 14 برس بعد پہلی مرتبہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ریکارڈ کیا، جسے معاشی توازن کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں