مسجد اقصیٰ میں رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کی نماز،ہزاروں فلسطینیوں کی شرکت
یروشلم(اے ایف پی)مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کے احاطے میں ماہ رمضان کے پہلے جمعہ کی نماز میں ہزاروں مسلمان شریک ہوئے ،جن میں مغربی کنارے سے آنے والے فلسطینی بھی شامل تھے۔۔۔
مسلمانوں کیلئے مکہ اور مدینہ کے بعد تیسرا سب سے مقدس مقام مسجد اقصیٰ ہے ۔غزہ میں فائر بندی اور گزشتہ سال کے بعد فلسطینیوں کو پہلی مرتبہ بیت المقدس آ کر مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھنے کی اجازت دی گئی۔اسرائیل نے سکیورٹی خدشات کے باعث مغربی کنارے سے صرف 10 ہزار فلسطینیوں کو داخلے کی اجازت دی جن میں صرف 55 سال سے زائد عمر کے مرد، 50 سال سے زائد خواتین اور 12 سال تک کے بچے شامل تھے ۔اسرائیلی پولیس کے مطابق جمعہ کے موقع پر مقبوضہ بیت المقدس میں تین ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ۔ بیت المقدس کی اسلامی وقف اتھارٹی کے مطابق نماز میں اس بار 80 ہزار افراد شریک ہوئے جبکہ عام حالات میں رمضان کے جمعے پر یہ تعداد دو لاکھ تک پہنچ جاتی تھی ۔