پاکستان کرکٹ تاریخ کی سب سے مہنگی ڈیل کا امکان بڑھنے لگا
پی ایس ایل فرنچائز نے براڈکاسٹ کیلئے سالانہ ساڑھے چار ارب دینے کا ذہن بنا لیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ تاریخ کی سب سے مہنگی ڈیل کا امکان بڑھنے لگا، اس سے پی سی بی کے خزانے میں اربوں کا اضافہ ہو جائے گا، ایک پی ایس ایل فرنچائز نے پی ایس ایل براڈکاسٹ کیلئے سالانہ ساڑھے چار ارب دینے کا ذہن بنا لیا، معاملات طے پانے پر 18 ارب تک میں چار سالہ معاہدہ ممکن ہو سکتا ہے ۔ لائیو سٹریمنگ کی بڈ 7 ارب تک بھی جا سکتی ہے ، اس صورت میں یہ پاکستان کرکٹ تاریخ کی سب سے بڑی ڈیل ہو جائے گی۔بورڈ نے چینلز کی مبینہ ملی بھگت روکنے کے لیے اس بار کنسورشیم کی اجازت نہیں دی، مذکورہ کمپنی بڈ جیتنے پر ممکنہ طورپر سرکاری ٹی وی کی سکرین استعمال کرے گی۔
پی سی بی نے پاکستان میں پی ایس ایل براڈ کاسٹ اور لائیو سٹریمنگ کی فروخت کا ٹینڈر جاری کیا تھا، کوئی بھی کمپنی دونوں یا کسی ایک میں بڈ کر سکتی تھی، دونوں کی بڈ سکیورٹی 10، 10 کروڑ روپے ہے ، فاتح کمپنی کی رقم ایڈجسٹ جبکہ دیگر کو واپس مل جائے گی، گو کہ ریزرو پرائس ابھی سامنے نہیں آئی لیکن محتاط اندازے کے مطابق یہ 18 ارب تک ہی ہو سکتی ہے ۔لائیو سٹریمنگ کے لیے 6 ارب تک ریزرو پرائس کا امکان ہے ، گزشتہ برس پی ایس ایل کے 34 میچز ہوئے تھے اب 2 نئی ٹیموں کی شمولیت سے تعداد 44 تک پہنچ جائے گی۔ ہر سال 10 اضافی میچز سے یہ چار سالہ ڈیل سابقہ ویلیو کے لحاظ سے 5 سالہ بن جائے گی۔