پیکٹا سکینڈل ،بھاری تنخواہوں میں بڑی کٹوتی کی منظوری

پیکٹا سکینڈل ،بھاری تنخواہوں میں بڑی کٹوتی کی منظوری

محکمہ خزانہ کی بغیر منظوری3 ایم ڈیز فی کس 10 لاکھ ماہانہ پر تعینات تھے پیکٹا کے تینوں افسروں کی تنخواہیں کم کرکے پانچ لاکھ مقرر کر دی گئیں

لاہور(خبر نگار)پیکٹا کے تنخواہوں کے سکینڈل میں اہم پیشرفت سامنے آگئی ، کابینہ نے بھاری تنخواہوں میں بڑی کٹوتی کی منظوری دے دی ۔ ذرائع کے مطابق دس دس لاکھ روپے ماہانہ پر بھرتی افسروں کی تنخواہیں کم کرکے پانچ لاکھ روپے مقرر کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پیکٹا میں 3 ایم ڈیز کو 10 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر تعینات کیا گیا تھا جبکہ یہ تنخواہیں محکمہ خزانہ کی  باضابطہ منظوری کے بغیر مقرر کئے جانے کا انکشاف بھی ہوا ، معاملہ سامنے آنے پر سلیکشن بورڈ نے ازسرنو جائزہ لیا اور تنخواہوں میں کمی کی سفارش کی۔سلیکشن بورڈ نے ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی پوسٹوں اور تنخواہوں کو باقاعدہ منظوری کیلئے محکمہ خزانہ کو بھجوانے کی بھی سفارش کر دی ۔ ذرائع کے مطابق ادارے میں مجموعی طور پر 82 اسامیوں پر بھرتیاں ہونا تھیں ، ڈائریکٹر کی پوسٹوں کیلئے انٹرویوز پہلے ہی مکمل کئے جا چکے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ نئی منظوریوں کے بعد بھرتیوں اور تنخواہوں کے عمل کو قواعد و ضوابط کے مطابق یقینی بنایا جائے گا جبکہ معاملے کی نگرانی بھی سخت کی جا رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں