سپیشل برانچ کیلئے جدید لوکیٹرز،گاڑیاں خریدنے کی منظوری
جی ایس ایم لوکیٹر مشینری کی خریداری پر 58 کروڑ 60 لاکھ خرچ ہوں گے گاڑیوں کیلئے 3کروڑ80لاکھ خرچ،پنجاب کابینہ نے فنڈز کی منظوری دیدی
لاہور(محمد حسن رضا سے )پنجاب کابینہ نے سپیشل برانچ کیلئے 62 کروڑ روپے کے لوکیٹرز اور گاڑیاں خریدنے کی منظوری دیدی ہے ،پنجاب حکومت نے صوبے میں سکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے کیلئے سپیشل برانچ کے لئے فنڈز کی منظوری دے دی،سرکاری دستاویزات کے مطابق سپیشل برانچ کیلئے جدید جی ایس ایم لوکیٹر مشینری کی خریداری پر 58 کروڑ 60 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے ،ایک جی ایس ایم لوکیٹر کی قیمت 29 کروڑ 30 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے ، یہ لوکیٹرز جدید نگرانی اور ٹریکنگ کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے استعمال کئے جائیں گے اور ان کا مقصد مشکوک سرگرمیوں کی مانیٹرنگ اور حساس معاملات میں بروقت معلومات حاصل کرنا بتایا گیا ہے۔
کابینہ نے اس کے ساتھ سپیشل برانچ کیلئے دو نئی گاڑیوں کی خریداری کی بھی منظوری دی ہے ، جن پر 3 کروڑ 80 لاکھ روپے خرچ ہوں گے ، حکام کے مطابق یہ گاڑیاں فیلڈ آپریشنز اور حساس نوعیت کی ڈیوٹیوں میں استعمال کی جائیں گی، حکومتی مو قف کے مطابق صوبے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز اور جدید جرائم کے پیش نظر نگرانی کے نظام کو اپ گریڈ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے بغیر منظم نیٹ ورکس اور جدید مواصلاتی ذرائع استعمال کرنے والے عناصر کا مقابلہ کرنا مشکل ہو جاتا ہے ۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کے نام پر کچھ عرصے میں اربوں روپے خرچ کئے جا چکے ہیں، اس لئے شفافیت اور مو ثر استعمال یقینی بنانا ضروری ہوگا۔