پاکستان، امریکا کا اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ
وزیر خزانہ کی امریکی وزیر تجارت سے ملاقات ، سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور امریکا نے اپنے اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں امریکی وزیر تجارت ہاورڈ اے لٹنک سے ملاقات کی، جس میں تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔وزارت خزانہ پاکستان کے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں فریقین نے اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور امریکا کی جانب سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔اعلامیہ میں بتایا گیا کہ رواں سال 31 مارچ کو پاک امریکا تجارتی و سرمایہ کاری فورم منعقد ہوگا۔وزیر خزانہ نے فورم کے انعقاد میں یو ایس چیمبر آف کامرس کے کردار کو سراہا۔ اس فورم میں دونوں ممالک کی معروف کمپنیوں کے علاوہ وزارتی سطح کی نمائندگی بھی متوقع ہے ۔ وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ امریکی وزیر تجارت کا دفتر بھی فورم میں شرکت کرے گا۔