فارم 47کے حکمرانوں کوعوام کی پرواہ نہیں :حافظ نعیم
پنجاب میں سب سے زیادہ غربت، تاثر دودھ و شہد کی نہروں کا دیا جارہاہے عید کے بعد عوامی حقوق کی جدوجہد میں تیزی لائیں گے :لاہور میں خطاب
لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب میں سب سے زیادہ غربت ، تاثر دیا جارہا کہ صوبہ میں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں، جمہوریت کے دعویدار خاندان سیاسی پارٹیاں چلاتے ہیں ، مسلط حکمران مقامی حکومتوں کو بااختیار نہیں بناتے ، انہیں عوام کی طاقت سے خوف محسوس ہوتا ہے ،فارم 47 کے حکمران غیر مقبول بھی ہیں اور انہیں عوام کی کوئی پرواہ بھی نہیں ، جماعت اسلامی عید کے بعد عوام کے حقوق کی تحریک میں مزید تیزی لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں جماعت اسلامی لاہور کے رہنما ملک شاہد اسلم کی جانب سے منعقدہ افطار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاالدین انصاری نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا۔
حافظ نعیم نے مزید کہا کہ پنجاب میں ایک کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں جبکہ حکمران طبقہ عیاشیوں میں مصروف ہے ، وزیراعلیٰ نے 11ارب روپے کا جہاز خریدا ، اشتہارت میں کارکردگی کے دعوے کئے جاتے ہیں ، زمینی حقائق ان دعوؤں کے برعکس ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ پنجاب سمیت پورے ملک میں ہر شعبے کے حالات خراب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے ایک سال میں آئی پی پیز کے مالکان کو دو ہزار ارب روپے دیئے ، پانچ سو ارب سے پورے ملک میں تعلیم مفت فراہم کی جاسکتی ہے ،رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ کی بندگی کا عہد کر کے قرآن کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط بنانا ہوگا تاکہ انفرادی اور اجتماعی زندگی میں حقیقی تبدیلی آ سکے ،پاکستان کی بنیاد اس وعدے پر رکھی گئی تھی کہ یہاں قرآن کا نظام نافذ ہوگا ،چند سڑکیں بنانے سے مسائل حل نہیں ہوتے ، ظلم کا نظام بدلنے سے ہی حقیقی تبدیلی آتی ہے ،پاکستان میں حالات بدلنے کے لیے حقیقی اور مخلص قیادت کی ضرورت ہے ۔