ساکا ننکانہ صاحب کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر

ساکا ننکانہ صاحب کی تین روزہ  تقریبات اختتام پذیر

ننکانہ صاحب (خبر نگار ) ساکا ننکانہ صاحب کی تین روزہ تقریبات گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں اختتام پذیر ہو گئیں۔

 مرکزی پروگرام میں صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی خصوصی شرکت، تقریبات میں مختلف ممالک اور اندرون ملک سے بڑی تعداد میں سکھ یاتریوں کی شرکت، ساکا ننکانہ صاحب کی تین روزہ تقریبات کے آخری روز ہونے والے مرکزی پروگرام میں پنجاب میں اقلیتی امور کے صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ، ایڈیشنل سیکرٹری شرائن ناصر مشتاق، ڈپٹی سیکرٹری فراز عباس ،جنرل سیکرٹری پاکستان سکھ گور و دوارہ پربندھک کمیٹی ستونت کور، سکھ رہنماؤں سردار رنجیت سنگھ رانا، سردار جسبیر سنگھ اور مختلف ممالک اور اندرون ملک سے سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رمیش سنگھ اروڑہ اور دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستان سکھوں کا دوسرا نہیں بلکہ پہلا گھر ہے اور پاکستان کے بغیر سکھوں کی تاریخ نامکمل ہے ، پاکستان میں سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو ملنے والی مذہبی آزادی دنیا بھر میں ایک مثال ہے ۔ادھر ایڈیشنل سیکرٹری شرائن ناصر مشتاق نے کہا ہے کہ بیساکھی میلہ میں شرکت کیلئے بھارت سے سکھ یاتری 10 اپریل کو واہگہ کے راستے پاکستان پہنچیں گے ، جہاں ان کا سرکاری پروٹوکول کے تحت پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔ یاتری 19 اپریل کو اسی مقام سے واپس روانہ ہوں گے ۔پاکستان میں دس روزہ قیام کے دوران یاتری گورودوارہ جنم استھان، گورودوارہ پنجہ صاحب، گورودوارہ دربار صاحب کرتارپور، گورودوارہ سچا سودا فاروق آباد اور لاہور کے تاریخی گور و دواروں میں حاضری دیں گے اور مذہبی رسومات ادا کریں گے ۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے گورودوارہ جنم استھان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں