اقلیتی مشترکہ جائیدادیں بیچنے پر 7سال قید،جرمانہ تجویز

اقلیتی مشترکہ جائیدادیں بیچنے پر 7سال قید،جرمانہ تجویز

گرجا گھروں، گورو دواروں، مندروں دیگر کے تحفظ کا بل پنجاب اسمبلی میں جمع بااختیار صوبائی ایکشن کمیٹی قائم ،چیئرپرسن وزیراعلی ٰ کا نامزداقلیتی رکن ہوگا

لاہور(خبر نگار،آن لائن)پنجاب میں گرجا گھروں، گورو دواروں، مندروں سمیت دیگر اقلیتی عبادت گاہوں اور اداروں کی مشترکہ جائیدادوں کو محفوظ بنانے کیلئے قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا ہے اس حوالے سے بل جمع کر ادیا گیا،بل میں اقلیتوں کی مشترکہ  جائیدادوں کو فروخت کرنے میں ملوث شخص کو سات سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا تجویز کی گئی ہے ۔ قائمہ کمیٹی برائے اقلیتی امور کے چیئرمین فیلبوس کرسٹوفر نے صوبے میں اقلیتوں کی مشترکہ جائیدادوں کے تحفظ کا بل برائے سال 2026 پنجاب اسمبلی میں جمع کروا یا۔

بل کے متن کے مطابق اقلیتی اداروں کے ساتھ ساتھ حکومتی گرانٹ، خیرات، غیر ملکی فنڈنگ سے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والے ادارے بھی مشترکہ جائیدادوں میں شمار کئے جائیں گے ۔صوبے میں بسنے والی تمام اقلیتوں کی مشترکہ جائیدادوں کے تحفظ کیلئے ہونے والی قانون سازی کے تحت بااختیار صوبائی ایکشن کمیٹی قائم کی جائے گی،کمیٹی کا چیئرپرسن وزیراعلی ٰ کا نامزد صوبائی اسمبلی میں اقلیتی رکن ہوگا، سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور ، سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ،ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس اوراقلیتوں سے تعلق رکھنے والی چھ شخصیات بشمول ایک خاتون بھی کمیٹی کی رکن ہوں گے ۔ بااختیار صوبائی ایکشن کمیٹی صوبے بھر میں اقلیتوں کی مشترکہ جائیدادوں کا ریکارڈ بنائے گی۔ کمیٹی مشترکہ جائیدادوں پر بننے والی تجاوزات، غیر قانونی قبضے اور ان جائیدادوں کے غلط استعمال کو بھی مانیٹر کرے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں