پنجاب گرڈ کمپنی میں اہم عہدوں پر بھرتیوں کی منظوری
کابینہ نے سی ای او، سی ایف او اور دیگر عہدوں کی منظوری دیدی جنرل منیجر (ٹیکنیکل) کے عہدے بھی تنظیمی ڈھانچے میں شامل
لاہور(آن لائن)حکومت پنجاب نے پنجاب گرڈ کمپنی لمیٹڈ میں اہم انتظامی عہدوں پر بھرتیوں کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ اس سلسلے میں سیکرٹری انرجی کی جانب سے تیار کردہ سمری صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی گئی۔کابینہ نے تنظیمی ڈھانچے کے تحت کلیدی عہدوں پر تقرریوں کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے ۔ منظور شدہ اسامیوں میں چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او)، چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) اور کمپنی سیکرٹری کے عہدے شامل ہیں۔مزید برآں جنرل منیجر (ٹیکنیکل) کے عہدے بھی تنظیمی ڈھانچے میں شامل کیے گئے ہیں تاکہ ادارے کے تکنیکی امور کو موثر انداز میں چلایا جا سکے ۔حکومت کے مطابق یہ اقدام پاور ٹرانسمیشن نظام کو مضبوط بنانے ، شفافیت کو فروغ دینے اور پیشہ ورانہ مینجمنٹ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ نئی تقرریوں سے کمپنی کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات کو تقویت ملے گی۔