سینیٹ کا اجلاس آج طلب ،41نکاتی ایجنڈا جاری
البیرونی انٹرنیشنل یونیورسٹی سمیت متعدد ترامیمی بلز پیش کئے جائیں گے
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ،اے پی پی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹ کا اجلاس آج 23 فروری بروز پیر کو طلب کر لیا جو دوپہر 2 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہو گا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ نے اجلاس کا 41 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا جس کے مطابق اسلام آباد ریئل اسٹیٹ ریگولیشن ایکٹ میں ترمیم کا بل پیش کرنے کی تحریک بھی شامل ہے ۔ایجنڈے میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن آرڈیننس میں ترمیم، پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 361 اور 375 میں ترمیم ، حدود آرڈیننس(زنا)میں ترمیمی بل اور میجارٹی ایکٹ 1875 میں ترمیمی بل شامل ہے ۔اِسی طرح قومی اسمبلی سے منظور شدہ اہم بلز بھی زیر غور لائے جائیں گے جن میں زکو ٰۃو عشر ترمیمی بل 2025 ء پر غور اور منظوری متوقع ہے ، البیرونی انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد کے قیام، کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی بل 2026 ئمنظوری کیلئے پیش ہوگا۔ایوان سے فیملی کورٹس ایکٹ میں ترمیمی بل منظور کئے جانے کا امکان ہے ، اسلام آباد میں جسمانی سزا کی ممانعت سے متعلق قانون اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 377A میں ترمیمی بل زیر غور ہے جبکہ نیشنل سکیورٹی کونسل ایکٹ میں ترمیم پیش کی جائے گی۔مزید برآں دیگر ترامیمی بل بھی پیش کئے جائیں گے ۔