ہم نے بھی جیلیں کاٹیں، کبھی چیخیں نہیں ماریں:احسن اقبال
بانی پی ٹی آئی کو جیل میں دنیا کی ہر سہولت میسر ،ان کے اپنے لوگ بھی مطمئن ہیں ہمارا ترقی کا سفر اس وقت ٹوٹا جب ایک اناڑی کو حکومت دی گئی:میڈیاسے گفتگو
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاہے کہ ہمیں جھوٹے مقدمات بنا کر جیلوں میں ڈالا گیا، آج وہی شخص اسی جیل میں بیٹھ کر چیخیں مار رہا ہے جس میں مجھے بند کیا گیا تھا۔نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج جیل میں یہ کہا جا رہا ہے کہ علاج کی سہولت میسر نہیں، حالانکہ انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کے اپنے لوگ بھی کہتے ہیں کہ ہم مطمئن ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو جیل کے اندر دنیا کی ہر سہولت میسر ہے ۔ ہم نے بھی جیلیں کاٹی ہیں مگر کبھی چیخیں نہیں ماریں، جبکہ یہ آج بچاؤ بچاؤ کی آوازیں لگا رہے ہیں۔ کبھی امریکا اور کبھی برطانیہ سے دہائیاں دی جا رہی ہیں کہ ہم پر بہت ظلم ہو رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی شخص نے جیل میں میرے بازو کی فزیوتھراپی تک نہیں ہونے دی تھی۔ ہمارا ترقی کا سفر اس وقت ٹوٹ گیا جب ایک اناڑی کو حکومت دے دی گئی۔ چار سال تک عوام کو گالم گلوچ سکھانے اور مخالفین کو چور ڈاکو کہنے کے سوا کچھ نہیں کیا گیا۔