صوبائی سیس، انفراسٹرکچر فیس مقدمات کی سماعت آج ہو گی
اسلام آباد (اے پی پی)صوبائی سیس اور انفراسٹرکچر فیس سے متعلق اہم مقدمات کی سماعت آ ج پیر 23فروری کو وفاقی آ ئینی عدالت میں ہوگی ۔
یہ مقدمات بینچ نمبر ایک کے روبرو مقرر کئے گئے ہیں جس کی سربراہی چیف جسٹس وفاقی آ ئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کریں گے جبکہ جسٹس علی باقر نجفی بھی بینچ کا حصہ ہوں گے ۔ مختلف صنعتی و تجارتی اداروں کی جانب سے دائر اپیلوں کی سماعت ہوگی جن میں خیبر پختونخوا میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کے نفاذ کو چیلنج کیا گیا ہے ۔ درخواست گزار کمپنیوں کاموقف ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے سامان کی آمد و رفت پر ایک فیصد سیس کا نفاذ آئینی حدود سے تجاوز ہے ، فہرست میں سندھ حکومت کی جانب سے انفراسٹرکچر فیس کے نفاذ سے متعلق مقدمات بھی شامل ہیں ، عدالت ان مقدمات میں آئینی شقوں، اٹھارہویں ترمیم کے اثرات، صوبائی قانون سازی کے دائرہ اختیار اور ٹیکس و فیس کے فرق جیسے اہم قانونی نکات کا جائزہ لے گی۔