سپینش ریذیڈنٹ کارڈ بارے شہریوں کو سہولیات دینے کا فیصلہ
اہل پاکستانیوں کو ابتدائی طور پر1سال کیلئے ریذیڈنٹ کارڈ اور قانونی تحفظ دیا جائیگا مطلوبہ دستاویزات لازمی قرار ، پالیسی سیاسی پناہ لینے والوں کیلئے نہیں ، پاکستانی سفیر
اسلام آباد ( دنیا نیوز،این این آئی)وزارت داخلہ کی جانب سے سپینش ریذیڈنٹ کارڈ کے حوالے سے شہریوں کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین کی زیر صدارت سپینشریذیڈنٹ کارڈ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزارت داخلہ کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قانونی تحفظ اور سہولتوں کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا گیا، وزارتِ خارجہ نے سپینش ریذیڈنٹ کارڈ کے عمل کو مکمل سپورٹ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔سپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد نے بتایا کہ یہ پالیسی سیاسی پناہ حاصل کرنے والوں کیلئے نہیں ، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات کی فراہمی لازمی قرار دی گئی، اہل افراد کو ابتدائی طور پر ایک سال کیلئے ریذیڈنٹ کارڈ جاری ہوگا، سات سے آٹھ سال مکمل کرنے پر مستقل رہائش اور شہریت کا راستہ ہموار ہوگا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو تیز کیا جائے گا ، الگ الگ کریکٹر سرٹیفکیٹ قابل قبول نہیں ہوں گے اور نیشنل پولیس بیورو کی جانب سے ایک ہی قومی کریکٹر سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت دی کہ درخواست گزاروں کی آسانی کیلئے تصدیق کا عمل آسان اور برق رفتار بنایا جائے ۔