چار افسر تبدیل،گریڈ 21ترقی کورس کیلئے 4 کی نامزدگی واپس
علی شیر کی خدمات سندھ کے سپرد ، فرحت علی جونیجو انٹیلی جنس بیورو میں تعینات
اسلام آباد (ایس ایم زمان) وفاقی حکومت نے 18 تا 21 گریڈ کے چار پولیس افسران کے تبادلے و تعیناتی کے احکامات جاری کر دئیے ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احکامات کے مطابق جواد اسحاق (BS-18) اور سونیا شمروز خان (BS-18) کے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس میں تعیناتی کے احکامات منسوخ کر دئیے گئے ،دونوں افسران کے حوالے سے جاری سابقہ احکامات واپس لے لیے گئے ہیں جبکہ علی شیر جاکھرانی (BS-19) کو حکومتِ بلوچستان سے تبدیل کر کے حکومتِ سندھ اور فرحت علی جونیجو (BS-21) کو حکومت سندھ سے تبدیل کر کے انٹیلی جنس بیورو میں تعینات کر دیا گیا ہے ۔ وفاقی حکومت نے پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کے سینئر افسر فتح محمد قریشی کو آزاد جموں و کشمیر کا نیا اکاؤنٹنٹ جنرل مقرر کر دیا ۔وہ فوری طور پر اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 20 کے افسر راجہ راشد علی کی خدمات واپس ان کے محکمے کے سپرد کر دی ہیں۔ علاوہ ازیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 21 میں ترقی کے لیے لازمی تربیتی 124 ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے لیے گریڈ 20 کے چار افسران کی نامزدگی واپس لے لی ، جن افسران کے نام کورس سے واپس لیے گئے ہیں ان میں نادر چٹھہ سیکرٹری سکلز ڈویلپمنٹ حکومتِ پنجاب ، عمر مسعود سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس حکومتِ پنجاب ، شازیہ طور جوائنٹ سیکرٹری فنانس ڈویژن اورحسن لطیف ڈائریکٹر فنانس پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی شامل ہیں۔