4 مبینہ پولیس مقابلے لاہورمیں 6 ڈاکو، گوجرانوالہ بچیوں سے زیادتی کا ملزم ہلاک
لٹن روڈکا ریسٹورنٹ لوٹنے والے نعیم ، اشرف اور کبیر کو ریکوری کیلئے لے جایا جا رہا تھا ساتھیوں نے حملہ کر دیا ماڈل ٹائون میں فرمان ،یاسر اور چوہنگ میں فلک شیر گوجرانوالہ میں حبیب ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے
لاہور،گوجرانوالہ ،کامونکے (کرائم رپورٹرز ، نامہ نگار ،اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک )4مبینہ پولیس مقابلے ،لاہور میں لٹن روڈ کے ریسٹورنٹ پر لوٹ مار کرنیوالے 3 ڈاکوئوں سمیت 6 ملزم جبکہ گوجرانوالہ میں کمسن بچیوں سے زیادتی کا ملزم ہلاک ہوگیا، گوجرانوالہ میں دیگر مقابلوں میں 7ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔لاہور پولیس کے ترجمان کے مطابق سی سی ڈی سول لائنز کی ٹیم تینوں ملزموں نعیم ، اشرف اور کبیر کو ریکوری کیلئے لے جا رہی تھی کہ ان کے ساتھیوں نے کرول گھاٹی کے قریب انہیں چھڑانے کیلئے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں زیر حراست تینوں ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے ،لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ریسٹورنٹ میں واردات کے بعد فرار ڈاکوؤں کو ساہیوال اور نارووال سے گرفتار کیا گیا تھااور ان کے قبضے سے 12 لاکھ نقدی بھی برآمد کر لی گئی ۔ ملزم نعیم عرف اندھیری نے جیل سے رہائی کے بعد اپنا نیا گینگ بنا رکھا تھا۔
لاہور میں رات گئے 2 پولیس مقابلوں میں 3 ڈاکو ہلاک ہوگئے ۔ سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن 34 سالہ فرمان اور 32 سالہ یاسر کو ریکوری کیلئے خیابانِ امین لے جارہی تھی ، مبینہ طور پر ڈاکوؤں کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی ،فائرنگ کے تبادلے میں فرمان اور یاسر زخمی ہو گئے جو بعد ازاں ہسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے ۔ سی سی ڈی کا کہنا ہے دونوں ملزم خطرناک اور ریکارڈ یافتہ تھے ۔ سی سی ڈی چوہنگ اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا۔ملزم فلک شیر کو ریکوری کیلئے این ایف سی پل کے قریب لے جایا جا رہا تھا ساتھیوں کی فائرنگ سے فلک شیر ہلاک ہو گیا۔ ملزم پچاس سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ ادھرگوجرانوالہ کے تھانہ باغبانپورہ کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں کمسن بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم ہلاک ہو گیا۔پولیس کے مطابق ملزم حبیب اللہ تھانہ باغبانپورہ میں 11 سالہ بچی کے اغوا و زیادتی کی کوشش کے مقدمہ میں جسمانی ریمانڈ پر تھا، پولیس حراست سے فرار کی کوشش کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا ۔
علاوہ ازیں مختلف تھانوں کی حدود میں مبینہ مقابلوں کے دوران7ریکارڈ یافتہ ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔پیپلز کالونی کے علاقے میں ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب زوہیب گرفتار جبکہ ساتھی دانش فرار ہو گیا۔تھانہ سبزی منڈی کے علاقہ میں فرار ہونے والا ریکارڈ یافتہ عبداللہ شہباز بھی بجلی کے پول سے ٹکرا کر زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ تھانہ ایمن آباد کی حدود میں دو ریکارڈ یافتہ ملزمان عامر شہزاد اور سبحان فرار ہوتے ہوئے پول سے ٹکرا کر زخمی ہو گئے ۔ پولیس نے دونوں کو گرفتار کر لیا ۔تھانہ کینٹ کے علاقہ میں ریکارڈ یافتہ ملزم عبداللہ بٹ پولیس ناکہ پر فائرنگ کے بعد فرار ہوتے ہوئے دیوار سے ٹکرا کر زخمی ہو گیا ۔تھانہ گکھڑ منڈی پولیس نے ملزم زین کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ۔تھانہ ایمن آباد پولیس نے ریکارڈ یافتہ منشیات فروش حاجی مستنصر کو درخت سے ٹکرا کر زخمی ہونے کے بعد گرفتار کیا۔