نیاراستہ،3بحری جہاز وں نے آبنائے ہرمز عبورکرلی

نیاراستہ،3بحری جہاز وں نے آبنائے ہرمز عبورکرلی

جہاز ایرانی کنٹرول والے روٹ کی بجائے عمانی ساحل کے قریب سے گزرے

لندن (اے ایف پی)تین بحری جہا زوں نے آبنائے ہرمز عبورکرلی ،یہ جہاز ایرانی کنٹرول والے روٹ کی بجائے عمان کے ساحل کے قریب سے گزرے ، جو حالیہ  جنگی صورتحال میں ایک غیر معمولی راستہ سمجھا جا رہا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تینوں جہاز عمان کے جنوبی ساحلی حصے جزیرہ نما مسندم کے قریب سے گزرے ۔ اس سے قبل زیادہ تر جہاز ایران کے منظور شدہ راستے سے لاراک آئی لینڈ کے نزدیک سے گزرتے رہے ہیں، جسے بعض شپنگ ماہرین تہران ٹول بوتھ بھی قرار دے رہے ہیں۔ گزرنے والے جہازوں میں دو بڑے خام تیل بردار ٹینکرز ہاربرٹ اور ڈھلکٹ جبکہ سوہرایل این جی نامی خالی ایل این جی جہاز بھی ان کے ساتھ تھا جوجاپانی شپنگ کمپنی متسوئی او ایس کے لائنز کے اشتراک سے چلایا جاتا ہے اور یہ جنگ شروع ہونے کے بعد آبنائے ہرمز سے گزرنے والا پہلا جاپانی جہاز قرار دیا جا رہا ہے ۔

مارکیٹ انٹیلی جنس کمپنی کے مطابق یکم مارچ سے اب تک صرف 240 کموڈیٹی جہاز آبنائے ہرمز سے گزر سکے ہیں، جو معمول کے مقابلے میں 94 فیصد کم ہے ۔ ان میں سے زیادہ تر مشرق کی جانب خلیج سے باہر نکلنے والے جہاز تھے ۔ ایران نے اس دوران اعلان کیا ہے کہ وہ عمان کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز میں جہازوں کی نقل و حرکت کی نگرانی کیلئے ایک نیا پروٹوکول تیار کر رہا ہے ۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی کے مطابق اس پروٹوکول کا مقصد پابندیاں لگانا نہیں بلکہ جہازوں کی محفوظ اور منظم آمدورفت کو یقینی بنانا ہوگا۔ایک روز قبل فرانسیسی کمپنی کا کنٹینر جہاز بھی ایران جنگ کے بعد پہلی بار آبنائے ہرمز سے گزرگیاتھا اوروہ مسقط پہنچ چکا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں