بجلی کمپنیوں کی بدترین کار کر دگی،ایک سال میں397ارب کا نقصان
پیسکو کانقصان 87.48 ارب، کیسکو 52.41 ارب اور لیسکو کا35.17 ارب روپے رہا،نیپرا رپورٹ
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی)پاکستان میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے بد ترین کارکردگی دکھائی اور ایک سال میں قومی خزانے کو 397 ارب کا نقصان ہوا ۔ بجلی کمپنیوں نے نقصانات اور چوری کی مد میں 265 ارب اوربلوں کی عدم وصولی سے 132 ارب کا نقصان کیا ۔ نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے مالی سال 2024-25 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ۔رپورٹ کے مطابق ٹی اینڈ ڈی نقصانات سے قومی خزانے کو 265 ارب روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ اس خسارے میں سب سے زیادہ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) ، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)، سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی (سیپکو) اور لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) شامل ہیں۔ پیسکو کے نقصانات 87.48 ارب، کیسکو کے 52.41 ارب، سیپکو کے 36.04 ارب اور لیسکو کے 35.17 ارب روپے رہے ۔ نیپرا کے مطابق پاکستان کے پاور سیکٹر کے لیے بدستور یہ مسائل ایک بڑا چیلنج بنے ہوئے ہیں۔ نیپرا کی جانب سے بارہا ہدایات کے باوجود کوئی بھی ڈسٹری بیوشن کمپنی مقررہ اہداف حاصل نہ کرسکی۔ کے -الیکٹرک کے بھی مالی سال 2024-25 میں 14.73 فیصد نقصان رپورٹ ہوئے جبکہ نیپرا نے کے الیکٹرک کو 14.27 فیصد تک کی جازت دی تھی۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ کے الیکٹرک کے ٹی اینڈ ڈی نقصان کے اہداف میں بعد ازاں نظرِ ثانی کی گئی جس کے تحت ٹرانسمیشن نقصان 0.75 فیصد اور ڈسٹری بیوشن نقصان 8.80 فیصد مقرر کیا گیا۔ یہ فیصلہ 20 اکتوبر 2025 کو کیا گیا تاہم یہ تاحال نوٹیفائی نہیں ہوا اور سندھ ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے ۔ نیپرا نے بتایا کہ سسٹم کی خامیوں کے خاتمے کے لیے سرمایہ کاری اور آپریشن و مینٹی نینس کے تحت بجلی کمپنیوں کے لیے بھاری رقوم کی منظوری دی گئی جن میں نیٹ ورک کی مضبوطی، فیڈر آپٹیمائزیشن، جدید میٹرنگ سسٹمز اور حفاظتی دیکھ بھال شامل ہے لیکن ان پر عملدرآمد بدستور کمزور رہا۔ ڈسکوز کی جانب سے بروقت اور مؤثر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث نقصانات میں کمی اور آپریشنل بہتری ممکن نہ ہو سکی۔بلنگ کی ریکوری سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2024-25 کے دوران کمپنیوں نے بلز کی ریکوری بھی کم کی ہے کمزور ریکوری کے باعث پاور سیکٹر کو 132 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ کیسکو نے تمام ڈسکوز میں بدترین کارکردگی دکھائی اور بلز کی مد میں صرف 38.7 فیصد ریکوری حاصل کر سکی۔آئیسکو، گیپکو، فیسکو، لیسکو اور میپکو نے 100 فیصد ریکوری حاصل کی ۔