اندھڑ گینگ کے سرغنہ تنویر ،ظفری جھبیل سرنڈر کر گئے
تنویر اندھڑ کے سر کی قیمت ایک کروڑ ،ظفری جھبیل کی 50 لاکھ مقرر تھی
رحیم یار خان (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) کچے کے انتہائی مطلوب اندھڑ گینگ کے سرغنہ تنویرعرف ددو اندھڑ اور بدنام زمانہ ڈاکو ظفری جھبیل سرنڈر ہو گئے ’ تنویر اندھڑ کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے جبکہ ظفری جھبیل کے سر کی قیمت 50 لاکھ مقرر تھی ان خیالات کا اظہار ڈی پی او عرفان علی سموں نے کچے کے آپریشن میں ملٹری انٹیلی جنس اور پولیس کی مشترکہ کارروائیوں میں سب سے بڑی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کچے کے انتہائی مطلوب ڈکیت اور اندھڑ گینگ کے سرغنہ تنویرعرف ددو اندھڑ جس کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے اور بدنام زمانہ ڈاکو ظفری جھبیل جس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر تھی’ دونوں سرنڈر ہو گئے ہیں ان کے سرنڈر ہونے کے بعد اب کوئی ایکٹیو ڈاکو یا ڈکیت گینگ کچے میں موجود نہیں ہے ، کچہ سو فیصد ڈاکوؤں سے صاف کیا جا چکا ہے ’ کچہ آپریشن کے دوران سرنڈر ہونے والے ڈاکوؤں کی تعداد 229 ہو چکی ہے ’ سرنڈر ڈاکوؤں سے مساوی اور قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔یاد رہے 10اکتوبر 2021ء کو اندھڑ گینگ کی سرغنہ تنویر نے فائرنگ کرکے 9افراد کو قتل کردیا تھا ان کے ورثا نے کارروائی کا مطالبہ کیا ۔