او جی ڈی سی نے 5 نئے ایکسپلوریشن بلاکس حاصل کر لیے

او جی ڈی سی نے 5 نئے ایکسپلوریشن بلاکس حاصل کر لیے

اسلام آباد (نامہ نگار، دنیا رپورٹ) آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے پانچ نئے ایکسپلوریشن بلاکس حاصل کر لیے اور ان کے لیے پٹرولیم کنسیشن ایگریمنٹس پر دستخط کر دئیے۔

دستخطی تقریب وزارتِ توانائی (پٹرولیم ڈویژن) اسلام آباد میں ہوئی جس میں وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے شرکت کی۔۔ ان بلاکس کے عبوری ایوارڈز مسابقتی بڈنگ کے بعد پہلے ہی اعلان ہو چکے تھے ۔ او جی ڈی سی تین بلاکس میں بطور آپریٹر اور دو بلاکس میں نان آپریٹر جوائنٹ وینچر پارٹنر کے طور پر شامل ہوگی۔ بلوچستان کے اضلاع نوشکی، مستونگ، خاران اور قلات پر مشتمل قلات نارتھ بلاک میں او جی ڈی سی 75 فیصد ورکنگ انٹرسٹ کے ساتھ آپریٹر ہوگی جبکہ پرائم 25 فیصد حصے کے ساتھ شریک ہوگی۔پنجاب کے اضلاع بھکر اور خوشاب پر مشتمل خوئی-ٹو بلاک میں او جی ڈی سی 60 فیصد ورکنگ انٹرسٹ کے ساتھ آپریٹر ہوگی جبکہ ماڑی انرجیز لمیٹڈ 40 فیصد حصے کے ساتھ شریک ہوگی۔

سندھ کے ضلع جامشورو میں نائنگ شریف بلاک میں او جی ڈی سی 80 فیصد ورکنگ انٹرسٹ کے ساتھ آپریٹر ہوگی جبکہ پرائم 20 فیصد حصے کے ساتھ شریک ہوگی۔او جی ڈی سی نے دو اضافی بلاکس میں بطور نان آپریٹر بھی حصہ حاصل کیا ہے ۔ بلوچستان کے ضلع نوشکی میں احمد وال بلاک میں کمپنی کا 40 فیصد ورکنگ انٹرسٹ ہوگا جبکہ ماڑی انرجیز لمیٹڈ 60 فیصد حصے کے ساتھ آپریٹر ہوگی۔ قلات ساؤتھ بلاک، جو بلوچستان کے اضلاع قلات، خضدار اور جھل مگسی پر مشتمل ہے ، میں او جی ڈی سی نے 30 فیصد حصہ حاصل کیا جبکہ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ 40 فیصد حصے کے ساتھ آپریٹر ہوگی اور باقی 30 فیصد حصہ ماڑی انرجیز لمیٹڈ کے پاس ہے ۔یہ نئے بلاکس او جی ڈی سی کے ہائیڈروکاربن کی تلاش میں تیزی لانے ، ملکی توانائی کے تحفظ کو فروغ دینے اور سرحدی و کم دریافت شدہ علاقوں میں پائیدار ترقی میں کردار ادا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں