پی بی 21 دوبارہ گنتی کا الیکشن کمیشن کا حکم معطل، نوٹسز جاری
فارم 47کے مطابق انتخابی نتائج برقرار رکھنے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی:ہائیکورٹ این اے 43میں مکمل گنتی کیلئے جے یو آئی رہنما کی سپریم کورٹ میں درخواست دائر
اسلام آباد(رضوان قاضی، حسیب ریاض ملک ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے حلقہ پی بی 21بلوچستان دوبارہ گنتی کا الیکشن کمیشن کا حکم معطل کرتے ہوئے فریقین کونوٹس جاری کر کے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔جسٹس انعام امین منہاس کے امیدوار محمد صالح بھوتانی کی درخواست پر جاری حکمِ امتناع میں کہاگیا کہ درخواست گزار نے 25فروری 2026کا الیکشن کمیشن کا آرڈر غیر قانونی قرار دینے ، الیکشن کمیشن کو فارم 47کے مطابق انتخابی نتائج برقرار رکھنے ، ریٹرننگ آفیسر کو فارم 47کی بنیاد پر فارم 48اور 49تیار کرنے کی ہدایت دینے کی درخواست کی۔ وکیل کے مطابق الیکشن کمیشن کا آرڈر الیکشن ایکٹ 2017کے سیکشن (6)95کی صریح خلاف ورزی ہے۔
عدالت نے آئندہ سماعت عید الفطر کے بعد مقرر کرنے کا حکم دیا۔ ادھر سپریم کورٹ میں حلقہ این اے 43میں معمولی ووٹوں کے فرق پر مکمل دوبارہ گنتی نہ کرانے کے خلاف اپیل دائر کر دی گئی۔ رہنما جے یو آئی (ف) اسعد محمود نے مؤقف اختیار کیا کہ 555ووٹوں کے قلیل فرق کے باوجود تمام 348پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ گنتی نہیں کرائی گئی۔ جزوی دوبارہ گنتی کے دوران متعدد پولنگ سٹیشنز سے بیلٹ پیپرز غائب پائے گئے ۔ انتخابی ٹربیونل کا یکم دسمبر 2025کا فیصلہ کالعدم اور پورے حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دیا جائے ۔ سرکاری نتائج کے مطابق داوڑ خان کنڈی 64ہزار 575ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے اور اسعد محمود 64ہزار 20ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے ۔