پنجاب حکومت کا 100 دن میں 100 نئی صنعتوں کا ہدف
ہر صنعتی یونٹ کو2ارب روپے تک قرض کی تجویز،مدت 10سال ہوگی پنجاب بینک کے ذریعے 150ارب تک کی فنانسنگ فراہم کی جائیگی:حکام
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ‘‘پنجاب صنعت کاری پروگرام’’کی ورکنگ مکمل ،اس پروگرام کے تحت 100 دنوں میں 100 نئی صنعتوں کے قیام کا ہدف مقرر کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق صنعتی ترقی کیلئے نیا فریم ورک تیار کیا گیا ہے جس میں برآمدی صنعتیں، ایگرو پروسیسنگ، فارما اور آئی ٹی انفراسٹرکچر کو ترجیحی شعبے قرار دیا گیا ہے ۔ہر صنعتی یونٹ کو2ارب روپے تک قرض کی تجویز ہے جس کی مدت 10 سال ہوگی اور 2 سال کا گریس پیریڈ بھی شامل ہوگا، نئی صنعتوں کے قیام کیلئے بینک آف پنجاب کے ذریعے 150 ارب روپے تک کی فنانسنگ فراہم کی جائے گی ۔منصوبے کے تحت حکومت کی جانب سے 76 ارب روپے سے زائد مارک اپ سبسڈی دینے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ کم شرحِ سود پر کیپٹل اور ورکنگ کیپٹل فنانسنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ عملدرآمد کیلئے ایک سٹیئرنگ کمیٹی قائم کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ روزگار کے مواقع، سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافے کیلئے کلیدی کردار ادا کرے گا۔