پی ایم ڈی سی کا MD، MS اور PhDڈگری ہولڈر طلبہ کو ریلیف
رجسٹریشن کا بنیادی معیار ٹریننگ پروگرام میں داخلے یا شمولیت کی تاریخ ہوگی ایکٹ 2022 کے نفاذ سے قبل داخل طلبہ مقررہ شرائط پر رجسٹریشن کے اہل 16 جنوری 2023 سے قبل داخلے یا کوالیفائی پرسابقہ قانونی فریم ورک لاگوہوگا
اسلام آباد(نیوزرپورٹر،دنیا رپورٹ)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل اور ڈینٹل ڈگریوں، جن میں MS، MD، MDS، M.Phil، Ph.D، FCPS، MCPS اور مختلف ڈپلومہ پروگرام شامل ہیں کی رجسٹریشن کے حوالے سے کہاہے کہ یہ ڈگریاں پاکستانی یونیورسٹیز، اداروں اور کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (CPSP) کی جانب سے جاری کی جاتی ہیں۔کونسل نے ان کیسز پر تفصیلی غور کیا جن میں ایسے ٹریننگ اداروں سے حاصل کردہ ڈگریاں شامل تھیں جو PM&DC ایکٹ 2022 کے سیکشن 25 کے تحت تسلیم شدہ نہیں ، اور ساتھ ہی پرانی دی گئی ایمنسٹی اقدامات پر بھی غور کیا گیا جو رجسٹریشن میں سہولت کے لیے دی گئیں تھیں۔
پی ایم ڈی سی کی پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن کمیٹی نے 7 جنوری 2026 کے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ غیر تسلیم شدہ ٹریننگ سائٹس سے حاصل کردہ اور 31 دسمبر 2023 کی ایمنسٹی ڈیڈ لائن میں شامل نہ ہونے والی پوسٹ گریجویٹ ڈگریوں کو رجسٹر نہیں کیا جائے گا۔ مزید غور و خوض کے بعد کونسل نے تمام یونیورسٹیز اور CPSP کی جانب سے جاری کردہ پوسٹ گریجویٹ کوالیفیکیشنز کی رجسٹریشن کے عمل کو ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ طے پایا رجسٹریشن کا بنیادی معیار ٹریننگ پروگرام میں داخلے یا شمولیت کی تاریخ ہوگی، جس کا تعلق PM&DC ایکٹ 2022 کے نفاذ سے ہوگا۔ جو امیدوار ایکٹ کے نفاذ سے قبل داخل ہوئے، وہ مقررہ شرائط کی تکمیل پر ایمنسٹی کے تحت رجسٹریشن کے اہل ہو سکتے ہیں۔
16 جنوری 2023 سے قبل داخل ہونے یا کوالیفائی کرنے والے امیدوار سابقہ قانونی فریم ورک کے تحت سمجھے جائیں گے ، جبکہ اس تاریخ کے بعد داخل ہونے والے امیدواروں کے لیے ادارے ، ڈگری اور ٹریننگ سائٹ کی قانونی طور پر تسلیم شدہ حیثیت ضروری ہوگی۔19 ستمبر 2023 کے فیصلے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پوسٹ گریجویٹ ڈگری اور ٹریننگ ادارے کی باقاعدہ منظوری لازمی ہے ۔ سابقہ PMC ایکٹ 2020 کے تحت جمع درخواستیں موجودہ قانون کے تحت قابلِ عمل نہیں اور نئی درخواستیں PM&DC ایکٹ 2022 کے مطابق جمع کرانی ہوں گی۔ محدود مدت کی ایک بار ایمنسٹی بھی دی گئی، جو مخصوص شرائط سے مشروط ہے۔
13 جون 2024 اور 6 اگست 2024 کے فیصلوں کے مطابق یہ ایمنسٹی صرف ان امیدواروں پر لاگو ہوگی جن کا فائنل امتحان 31 دسمبر 2023 تک منعقد ہوا ہو، اور ڈگری پر درج امتحان کی تاریخ کو بنیاد بنایا جائے گا۔ مزید برآں، کونسل نے ایچ ای سی سے تسلیم شدہ یونیورسٹیوں سے حاصل کردہ بنیادی سائنسز کی پوسٹ گریجویٹ ڈگریوں کی رجسٹریشن کی منظوری دی، بشرطیکہ داخلہ 27 ستمبر 2022 تک ہوا ہو۔پی ایم ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے اس بات کی تصدیق کی کہ قانون کے مطابق تمام سپیشلسٹس کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے گا۔