مذہبی جماعتیں ،عوام تحمل کا مظاہرہ کریں
لاہور( این این آئی) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔
اپنے بیان میں عظمی ٰبخاری نے کہا کہ ایران پرحالیہ حملے اورخامنہ ای صاحب کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے ،ہمیں اس پر دلی رنج ہے ، پاکستان نے ہرممکن سفارتی اور اخلاقی طریقے سے ایران کی حمایت کی ہے ، اقوام متحدہ میں بھی پاکستان نے واضح طور پر ایران کے خلاف حملے کی مذمت کی ہے ۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہاکہ پاکستان کی مذہبی جماعتوں اورعوام سے اپیل ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، اگر ہم احتجاج کو شدت میں بدلیں یا قانون کو ہاتھ میں لیں تویہ دشمن کے منصوبوں کو فائدہ دے گا، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں، احتجاج کوپرامن رکھیں اور ملک کے اندر کسی بھی قسم کی بد امنی یا نقصان سے بچیں، قومی اتحاداوراستحکام ہی اس وقت پاکستان کی اصل طاقت ہے ۔