چینلز ہیکنگ ، سائبر حملوں کا معاملہ دیکھ رہے :عطاتارڑ
آن لائن ایپلی کیشنز پر کچھ پیغامات آئے ہیں ،تحقیقات کی جارہی ہیں ،وفاقی وزیر تعین کر رہے یہ سافٹ ویئر گلچ ہے یا سیٹلائٹ کا مسئلہ:سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم
اسلام آباد(دنیا نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ملک کے مختلف نجی چینلز اور ویب سائٹس ہیکنگ کے حوالے سے کہا ہے کہ ٹیکنیکل ٹیمیں کام کر رہی ہیں اس معاملے کو سائبر حملوں کے حوالے سے دیکھا جا رہا ہے ،ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک دشمنوں کو پاکستان سے بہت تکلیف ہے ، اُنہوں نے مزید کہا کہ آن لائن ایپلی کیشنز پر کچھ پیغامات آئے ہیں جن کی تحقیقات کی جارہی ہیں،دوسری طرف سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم حکام نے کہا ہے کہ ہمارے پاس کچھ ویب سائٹس اور ایک چینل کے ہیک ہونے کی شکایات آئی ہیں ،ہم یہ تعین کر رہے ہیں کہ یہ سافٹ ویئر گلچ(عارضی خرابی )ہے یا سیٹلائٹ کا کوئی مسئلہ ہے ۔ حکام کے مطابق کچھ سکیورٹی کمزوریوں کے باعث یہ پیغام چینل پر نشر ہوا، اس پر مکمل جانچ کر کے رپورٹ پیش کریں گے ۔