فروری:3صوبے دہشتگردی کی لپیٹ میں رہے،176جاں بحق،309زخمی

فروری:3صوبے  دہشتگردی  کی  لپیٹ میں رہے،176جاں  بحق،309زخمی

خیبرپختونخوا میں 53 اہلکار اور 6 شہری جاں بحق، تین خودکش دھماکوں میں 17 افرادجان سے گئے ، درجنوں زخمی ہوئے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 1 کے بعد حملوں میں کمی، سکیورٹی کارروائیوں کے دوران 176 عسکریت پسند ہلاک کیے گئے

اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) اسلام آباد میں قائم تھنک ٹینک پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کنفلکٹ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز نے فروری 2026 کے دہشت گردی سے متعلق ماہانہ اعدادوشمار جاری کر دئیے ۔ رپورٹ کے مطابق فروری میں خودکش حملوں میں اضافے کے باعث  جھڑپوں اور سکیورٹی کارروائیوں سے متعلق ہلاکتوں میں 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔فروری کے دوران ملک بھر میں 176 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 80 سکیورٹی اہلکار اور 96 شہری شامل ہیں۔ سکیورٹی اہلکاروں کی اموات میں 74 فیصد جبکہ شہری ہلاکتوں میں 32 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی عرصے میں دہشت گردی کے واقعات میں 309 افراد زخمی ہوئے جن میں 50 سکیورٹی اہلکار اور 259 شہری شامل تھے ۔سکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 294 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات رپورٹ ہوئے ، جن میں خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا۔

خیبر پختونخوا میں 53 سکیورٹی اہلکار اور 6 شہری جاں بحق جبکہ 35 اہلکار اور 48 شہری زخمی ہوئے ۔ یہاں تین خودکش دھماکوں میں 17 افراد جان سے گئے جن میں 14 سکیورٹی اہلکار شامل تھے جبکہ 20 شہری زخمی ہوئے ۔رپورٹ کے مطابق عسکریت پسند حملوں میں اضافے کے بعد پاکستان نے سرحد پار فضائی کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان فوجی جھڑپیں ہوئیں۔ فروری میں اسلام آباد میں ایک خودکش دھماکے میں کم از کم 34 افراد جاں بحق اور 165 زخمی ہوئے ۔بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی ‘‘ردالفتنہ-1’’ کے آغاز کے بعد عسکریت پسند حملوں میں کمی دیکھی گئی جبکہ صوبے میں آپریشنز کے دوران 176 عسکریت پسند مارے گئے ۔ پنجاب کے ضلع بھکر میں ایک خودکش حملے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق اور چار زخمی ہوئے ۔فروری میں مجموعی طور پر پانچ خودکش حملے ہوئے جو جنوری کے مقابلے میں دو زیادہ ہیں۔ سال کے ابتدائی دو ماہ میں خودکش حملوں کی تعداد آٹھ ہو چکی ہے جو 2025 کے پورے سال میں ہونے والے 17 حملوں کا تقریباً نصف ہے ۔ سکیورٹی فورسز نے اس دوران ایک مبینہ خودکش حملہ آور کو گرفتار بھی کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں