بلدیاتی الیکشن، اسلام آباد میں حلقہ بندیوں کیلئے ڈیٹاطلب
ہر ٹاؤن ،کارپوریشن میں یوسیز کی تعداد بارے نوٹیفکیشن فراہم کرنے کی ہدایت الیکشن کمیشن کے مراسلہ پروزارت داخلہ نے چیف کمشنرکواحکامات دے دیئے
اسلام آباد(ایس ایم زمان )الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور حلقہ بندیوں کے لیے وزارت داخلہ سے ریکارڈ اور ڈیٹا طلب کر لیا ہے ،جس پر وزارت داخلہ نے چیف کمشنر اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کو مراسلہ بھجوایا ہے ، الیکشن کمیشن نے لکھا ہے کہ اسلام آباد میں مقامی حکومت کے انتخابات کے انعقاد اور حلقہ بندیوں کے لیے درکار ریکارڈ اور ڈیٹا فراہم کیا جائے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مذکورہ ریکارڈ اور ڈیٹا اسلام آباد میں مقامی حکومت کے انتخابات کی بروقت اور شفاف انعقاد کے لیے لازمی ہے ، الیکشن کمیشن نے مراسلے میں ریکارڈ اور ڈیٹا مانگا ہے ان میں وفاقی دارالحکومت میں ٹاؤن کارپوریشنز کی حدود کا نوٹیفکیشن، متعلقہ علاقوں، مردم شماری چارجز، سرکلز اور بلاکس کی تفصیلات، ٹاؤن کارپوریشنز کی حدود پر مشتمل نقشے (سافٹ اور ہارڈ کاپی کی دونوں صورت میں)شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہر ٹاؤن، کارپوریشن میں یونین کونسلز کی تعداد سے متعلق نوٹیفکیشن بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کے مراسلہ پر چیف کمشنر اسلام آباد اور چیف افسر میٹروپولیٹن کارپوریشن کو مذکورہ ریکارڈ اور ڈیٹا وزارت داخلہ و الیکشن کمیشن پاکستان کو بھجوانے کے احکامات دیئے ہیں۔