پاکستان نے ایران کی ہر ممکن حمایت کی ، خواجہ آصف
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ایران پر حالیہ حملے انتہائی افسوسناک ہیں اور ہمیں اس پر دلی رنج ہے ۔
پاکستان نے ہر ممکن سفارتی اور اخلاقی طریقے سے ایران کی حمایت کی ہے ۔پاکستان کی مذہبی جماعتوں اور عوام سے اپیل ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں،احتجاج دشمن کے منصوبوں کو فائدہ دے گا۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس پر پیغام میں کہا کہ ایران پر حالیہ حملے انتہائی افسوسناک ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں بھی پاکستان نے واضح طور پر ایران کے خلاف حملے کی مذمت کی ہے ۔وزیردفاع نے کہا کہ پاکستان کی مذہبی جماعتوں اور عوام سے اپیل ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔ ایسے میں اگر ہم اپنے ملک کے اندر احتجاج کو شدت میں بدلیں یا قانون کو ہاتھ میں لیں تو یہ دشمن کے منصوبوں کو فائدہ دے گا۔وزیر دفاع نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں، احتجاج کو پرامن رکھیں اور ملک کے اندر کسی بھی قسم کی بدامنی یا نقصان سے بچیں۔