امریکی قونصل خانہ حملہ، ایس ایس پی کیماڑی کی معطلی کی سفارش

امریکی قونصل خانہ حملہ، ایس ایس پی کیماڑی کی معطلی کی سفارش

ایس ڈی پی اوکیماڑی، ایس ایچ اوز ڈاکس، سائٹ بی، کے پی ٹی و دیگر افسر معطل انکوائری میں کسی افسر کی نااہلی ثابت ہو تو اسے بھی ہٹا دیا جائے ، وزیرداخلہ ، اجلاس

کراچی (سٹاف رپورٹر)امریکی قونصل خانے پر حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد حکام کی جانب سے ابتدائی تحقیقات کے بعد ایس ایس پی کیماڑی کو عہدے سے ہٹاکر معطلی کی سفارش کی گئی ہے ۔ کراچی میں امریکی سفارتخانے پر حملے پر پولیس کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے ایکشن لیتے ہوئے ایس ڈی پی اوکیماڑی، ایس ایچ اوز ڈاکس، سائٹ بی، کے پی ٹی، جیکسن اور انچارج فارن سکیورٹی سیل کوبھی معطل کردیا گیا۔ معطل ڈی ایس پی کو سی پی او جبکہ ایس ایچ اوز اور انچارج فارن سکیورٹی سیل کو پولیس ہیڈکوارٹرگارڈن رپورٹ کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔

سرکاری اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی، جس کے لیے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں ڈی آئی جیز ہیڈ کوارٹر، اسپیشل برانچ سندھ، ایس ایس پی انوسٹی گیشن سی ٹی ڈی، اے آئی جیز اسٹیبلشمنٹ اور آپریشن پرمشتمل 6 رُکنی کمیٹی بھی تشکیل سے دی گئی ہے ۔ کمیٹی 7 دن کے اندر تمام تر حقائق پر مبنی مکمل تفصیلاتی رپورٹ پیش کریگی۔ دوسری جانب وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار سندھ کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سکیورٹی لیپس کے واقعہ پر میں بہت سنجیدہ ہوں۔ واقعہ کے تناظر میں افسران کو عہدوں سے ہٹانا وزیر اعلی سندھ اور میرا حکم تھا۔

انہوں نے سی ٹی ڈی کو احکامات دیئے کہ نااہلی میں اگر مزید افسران ملوث ہیں تو انہیں بعد از انکوائری عہدوں سے ہٹایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس پروفیشنل ہے ، لہذا ایک پیشہ ور کے طور پر کام کرے ۔ موجودہ حالات کے تحت ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے ۔ ممکنہ جائے حادثہ یا وقوعے کا ذمہ دار فیلڈ افسر ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس یو اپنا کام کرے اور سکیورٹی اقدامات میں خود کو پیش پیش رکھے ۔ آر آر ایف کی تمام نفری کو آج ہی سے کلوز کیا جائے ، اور کے نائن یونٹ کو فعال کیا جائے ۔ ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ آج سے ایس ایس پیز آپریشن/ٹریفک متعلقہ علاقوں میں نظر آئیں،بصورت دیگر سخت انضباطی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں