ریلوے کی 8 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کرنے کا منصوبہ پھر ناکام

ریلوے کی 8 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کرنے کا منصوبہ پھر ناکام

4 پرائیویٹ کمپنیوں نے 5 ٹرینوں کیلئے بنچ مارک سے بھی کم بڈز جمع کروائیں بنچ مارک کا نئے سرے سے جائزہ لینے کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )ریلوے کی 8 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کرنے کا منصوبہ تیسری بار بھی ناکام،نجی شعبے کی جانب سے بنچ مارک سے بھی کم بڈز جمع کرائی گئی، ذرائع کے مطابق ریلوے ہیڈکوارٹر نے ٹرینوں کی آوٹ سورسنگ کا عمل روک دیا۔سی ای او ریلوے نے بنچ مارک کا نئے سرے سے جائزہ لینے کیلئے چیف کمرشل مینیجر طارق سپرا، چیف مارکیٹنگ مینیجر شاہد سموں، ایف اینڈ سی ای او ریونیو مس عفت پر مشتمل تین رکنی کمیٹی بنا دی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے حکام کی جانب سے بنچ مارک کے حوالے سے نئی پالیسی بنانے پر غور کیا جارہا ہے ، ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی اوپن نیلامی میں 4 پرائیویٹ کمپنیوں نے پانچ ٹرینوں کیلئے بنچ مارک سے بھی کم بڈز جمع کروائیں ،ٹرینوں کی مجموعی آمدنی سے زائد بنچ مارک رکھنے کی وجہ سے پرائیویٹ کمپنیوں کی طرف سے عدم دلچسپی کا اظہار کیا ، نجی فرم نے 3ارب 50کروڑ بنچ مارک کے برعکس ہزارہ ایکسپریس کیلئے صرف 2 ارب 78کروڑ روپے اورملت ایکسپریس کیلئے 2ارب 59 کروڑ روپے کی بڈز جمع کروائیں۔ٹرینوں کی تیسری بار آؤٹ سورسنگ میں ناکامی سے ریلوے آمدنی میں بڑی کمی ہوئی،رواں مالی سال 26-2025 کے پہلے سات ماہ دس دن میں 4ارب 74کروڑ 70لاکھ روپے کم آمدنی حاصل ہوئی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں