مہنگائی کیخلاف درخواست، حکومت کو جواب کیلئے مہلت
حکومت کو قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کا پابند بنایا جائے :درخواستگزار اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی مہلت کی استدعا، سماعت 10مارچ تک ملتوی
لاہور (این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے رمضان المبارک میں مہنگائی کے خلاف درخواست پر پنجاب حکومت کو جواب کیلئے 10مارچ تک مہلت دے دی۔جسٹس خالد اسحاق نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ رمضان المبارک میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے ، جس سے عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں ،انتظامیہ کی جانب سے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات نظر نہیں آ رہے ، حکومت کو قیمتوں میں کمی اور موثر نگرانی کیلئے عملی اقدامات کرنے کا پابند بنایا جائے ۔سماعت کے دوران اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عمران خان عدالت پیش ہوئے اور حکومت کی جانب سے جواب جمع کروانے کیلئے مہلت طلب کی۔ عدالت نے لاء افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو تفصیلی جواب داخل کرنے کیلئے 10 مارچ تک مہلت دے دی اور مزید سماعت ملتوی کر دی۔