ملک بھر کے ایئرپورٹس سے مشرقِ وسطیٰ کی 116 پروازیں منسوخ

ملک بھر کے ایئرپورٹس سے مشرقِ وسطیٰ کی 116 پروازیں منسوخ

یو اے ای ، بحرین، کویت اور قطر سمیت دیگر ممالک جانیوالے ہزاروں مسافر متاثر

لاہور ،اسلام آباد،کراچی (آن لائن،این این آئی)ملک کے مختلف ہوائی اڈوں سے مشرقِ وسطیٰ کے ممالک جانیوالی مزید 116 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جس کے نتیجہ میں یو اے ای، بحرین، کویت، قطر سمیت دیگر ممالک جانیوالے ہزاروں مسافر متاثر ہوگئے ۔کراچی ایئرپورٹ سے دبئی، ابوظہبی، شارجہ، قطر، کویت اور بحرین کی 32 پروازیں، علامہ اقبال  انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے 20 ، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 28، باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور سے 16 پروازیں منسوخ کی گئیں۔اسی طرح ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 10، فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 4 جبکہ کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 2 پروازیں منسوخ ہوئیں۔متاثرہ ایئرلائنز میں ایمریٹس، اتحاد ایئر عربیہ،پی آئی اے ، ایئر بلیو، فلائی دبئی، قطر ایئر ویز اور فلائی جناح شامل ہیں۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کے متعدد ممالک کی فضائی حدود بند ہونے کے باعث پروازیں منسوخ کی گئیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 4 روز کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی 500 سے زائد پروازیں منسوخ کی جا چکیں جبکہ متعدد ممالک کی فضائی حدود کی بندش کے باعث ایئرلائنز کو یہ اقدام کرنا پڑا، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں