شہباز کا لبنانی وزیراعظم کوفون اسرائیلی جارحیت کی مذمت
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیر اعظم شہباز شریف نے لبنان کے ہم منصب نواف سلام کو فون کرکے اسرائیلی جارحیت کے خلاف اظہار یکجہتی کیا۔ گفتگو کے دوران شہباز شریف نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے اسرائیلی حملوں سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور لبنانی عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کیا۔ پاکستان اور لبنان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے لبنانی قیادت کو لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور امن کی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرنے کی پیشکش کی۔دونوں رہنماؤں نے ایران پر اسرائیل کے حملوں اور برادر خلیجی ممالک پر جوابی حملوں کے بعد خطے میں حالیہ کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے جلد از جلد خطے میں کشیدگی کو کم کرنے اور امن کی بحالی کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نواف سلام نے اس مشکل وقت میں لبنان کے ساتھ اظہار یکجہتی شہباز شریف اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔