یوم القدس پر ریلیاں،جلوس،اسرائیل کیخلاف،فلسطینیوں کے حق میں نعرے

یوم  القدس پر ریلیاں،جلوس،اسرائیل کیخلاف،فلسطینیوں کے حق میں نعرے

سکیورٹی کیلئے اسلام آباد میں 3500اہلکار تعینات رہے ،اہم شاہراہیں بند رہیں فلسطینی عوام کی حمایت میں قرارداد یں بھی منظور ریلیوں کے شرکا نے نیتن یاہو کی تصاویر نذر آتش کیں ،عالمی ادارے غزہ اسرائیلی مظالم رکوائیں،امہ مسلمہ متحد ہو: مقررین

اسلام آباد،راولپنڈی ،لاہور، کراچی ، پشاور (اپنے رپورٹر سے ، خصوصی نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں ) جڑواں شہروں سمیت ملک  بھر میں یوم القدس منایا گیا، اس موقع پر ریلیاں نکالی گئیں ،سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ۔ریڈ زون جانے والے راستے سیل رہے ۔فلسطینی عوام کی حمایت میں قرارداد یں بھی منظور کی گئیں ،نیتن یاہو کی تصاویر نذر آتش کی گئیں ، مقررین نے کہا کہ عالمی ادارے غزہ اسرائیلی مظالم رکوائیں،امہ مسلمہ متحد ہو۔یوم القدس کے حوالے سے ملک کے مختلف شہروں میں سکیورٹی کے پیش نظر مختلف شاہراہوں کو بند کردیا گیا اور متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کیے گئے ۔ہر سال مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کا آخری جمعہ یوم القدس کے طور پر منایا جاتا ہے ، اس موقع پر دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے منعقد کیے جاتے ہیں۔یوم القدس کی مناسبت سے مختلف شہروں میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے فلسطین کے حق میں ریلیاں نکا لی گئیں۔یوم القدس کی حساسیت کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام تعلیمی اداروں میں بھی چھٹی دی گئی ۔

اسلام آباد میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس نے کئی اہم راستے بھی بند کر دئیے ۔نماز جمعہ کے اجتماعات اور یوم القدس کے جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے اسلام آباد پولیس کے 3500 سے زائد افسران و جوان ڈیوٹی پر تعینات رہے ۔ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کے مطابق فیصل مسجد سمیت تمام مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ، شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت اور خصوصی ناکہ جات قائم کیے گئے ۔ادھر کراچی ،لاہور میں بھی اہم شاہراہیں بند رہیں ۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر کی 32 ہزار 500 سے زائد مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر 83 ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکار اور کمیونٹی رضاکار تعینات تھے ۔ ، یوم القدس کے موقع پر نکالی جانیوالی 136 ریلیوں کی سکیورٹی کیلئے 25 ہزار سے زائد افسران و اہلکار نے فرائض انجام د ئیے ،ادھر پشاور ،کوئٹہ،گلگت بلتستان اور آزادکشمیرمیں بھی یوم القدس منا یا گیا۔

اس موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ،پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ۔ ریلیوں کے شرکا نے غزہ کے مظلوموں سے اظہار یکجہتی کیا ۔اسلام آباد میں یوم القدس کی مرکزی ریلی جی سکس امام بارگاہ سے شروع ہوئی۔ مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے ۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور دیگرعالمی ادارے غزہ میں اسرائیلی مظالم رکوائیں۔ اس موقع پر مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں قرارداد یں بھی منظور کی گئیں ، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے زیر اہتمام راولپنڈی میں بھی یوم القدس ریلی نکالی گئی ۔ اسلام آباد میں بعد از نماز جمعہ امام بارگاہ اثنا عشریہ سے پولی کلینک چوک تک ملت جعفریہ کی مرکزی القدس ریلی نکالی گئی جس کی قیادت علامہ ناصر عباس، علامہ عارف واحدی و دیگر رہنماؤ ں نے کی ۔ شرکا نے فلسطین وایران سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امریکا واسرائیل کے خلاف نعرہ بازی کی اور مطالبہ کیا کہ امہ متحد ہو، ٹرمپ کا بورڈ آف پیس مسترد کرتے ہیں ، اس موقع پر نیتن یاہو کی تصاویر بھی نذر آتش کی گئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں