پٹرول سٹاک مناسب ، نگران کمیٹی سپلائی چین سے مطمئن
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت پٹرولیم قیمتوں کی نگرانی سے متعلق کمیٹی نے ملک میں پٹرو ل کے سٹاک کو مناسب قرار دیتے ہوئے سپلائی چین پر اظہار اطمینان کیا ہے۔
کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز اسلام آباد میں ہوا جس میں روزانہ جائزہ کے تحت علاقائی کشیدگی کے دوران توانائی سیکٹر کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے ملک بھر میں ایندھن کے ذخائر کی موجودہ پوزیشن کا جامع جائزہ لیا،کمیٹی کو خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات کے قومی ذخائر، درآمدی انتظامات اور سپلائی چین لاجسٹکس سمیت راستے میں موجود کارگو اور قومی ذخائر کی مضبوطی کے لئے اضافی شپمنٹس پر بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی نے پٹرولیم سٹاک مناسب سطح پر ہونے اور سپلائی چین کے ہموار انداز میں کام کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ آئندہ ہفتوں میں فراہمی کے تسلسل کو یقینی بنانے کیلئے کافی انتظامات موجود ہیں، کمیٹی نے عالمی خام اور صاف شدہ تیل کی تازہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔