وفاقی سرکاری ہسپتال کفایت شعاری پالیسی سے مستثنیٰ ہونگے

وفاقی سرکاری ہسپتال کفایت  شعاری پالیسی سے مستثنیٰ ہونگے

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وفاقی حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے باوجود وفاقی سرکاری ہسپتالوں اور صحت کے اداروں کو اس پالیسی سے مستثنٰی قرار دے دیا گیا تاکہ مریضوں کو علاج کی سہولیات بلا تعطل فراہم کی جا سکیں۔

وزارتِ قومی صحت کی جانب سے جاری مراسلے میں واضح کیا گیا کہ ہسپتالوں اور طبی مراکز میں معمول کے مطابق کام جاری رکھا جائے گا اور عملہ اپنی ڈیوٹی سرانجام دیتا رہے گا۔مراسلے کے مطابق وہ تمام سرکاری ہسپتال اور ادارے جہاں ہفتہ وار کام کے دنوں میں ہفتہ شامل تھا، وہ جمعہ کے روز بھی معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور طبی خدمات فراہم کرتے رہیں گے تاہم وہ ہسپتال اور صحت کے مراکز جہاں ہفتہ کو پہلے سے تعطیل ہوتی تھی وہاں جمعہ کے دن چھٹی ہوگی۔وزارتِ صحت نے واضح کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی کفایت شعاری پالیسی جس کے تحت بعض سرکاری دفاتر میں 50 فیصد عملے کو باری باری گھروں سے کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے ، اس کا اطلاق وفاقی سرکاری ہسپتالوں اور طبی اداروں پر نہیں ہوگا۔ ان اداروں میں طبی اور انتظامی عملہ معمول کے مطابق ڈیوٹی انجام دے گا ۔وزارتِ قومی صحت نے یہ مراسلہ پمز ، پولی کلینک، شیخ زید پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ لاہور، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلیٹیشن میڈیسن اسلام آباد، فیڈرل میڈیکل کالج، فیڈرل جنرل ہسپتال اسلام آباد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد اور فیڈرل گورنمنٹ ٹی بی سینٹر راولپنڈی سمیت متعلقہ اداروں کو ارسال کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں