وزرائے خارجہ اجلاس ، اسحاق ڈار سعودی عرب پہنچ گئے
خطے کے ممالک پر حملوں کے خاتمے پر زور دینگے ،پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرینگے
اسلام آباد(وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ،وہ دارالحکومت ریاض میں خطے کے اہم ممالک کے وزرائے خارجہ کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کریں گے ، سینیٹر اسحاق ڈار یہ دورہ سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ کی دعوت پر کررہے ہیں ،اجلاس کے دوران نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ خطے کے تمام برادر ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سیاسی آزادی کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کریں گے ۔
وہ تمام ممالک کی سرزمین پر ہونے والے حملوں کے فوری خاتمے پر بھی زور دیں گے ۔ دریں اثنا اسحاق ڈار نے ترکی کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا،اسحاق ڈار نے کشیدگی میں فوری کمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعمیری مکالمہ اور سفارتکاری ہی واحد مؤثر راستہ ہیں۔گفتگو کے دوران دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطوں اور مشاورت کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔