آتشزدگی سے متاثرہ گل پلازہ میں پھرآگ بھڑک اٹھی

آتشزدگی سے متاثرہ گل پلازہ  میں پھرآگ بھڑک اٹھی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) آتشزدگی سے متاثرہ گل پلازہ کی بیسمنٹ میں پھر آگ لگ گئی۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ آگ نشے کے عادی شخص سے لگی، جسے حراست میں لے لیا گیا۔

فائر بریگیڈ حکام نے ابتدا میں بتایا کہ ایک دکان کے ملبے سے دھواں اٹھ رہا ہے ، جس کے باعث فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیاں گل پلازہ پہنچ گئیں۔دوسری جانب ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنوبی عاصمہ بتول نے بتایا کہ عمارت پہلے سے سیل تھی، آگ بیسمنٹ میں لگی۔3 فائر ٹینڈر آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔ ادھر ریکسیو حکام کا کہنا تھا کہ 5 فائر ٹینڈر گل پلازہ پہنچ گئے ، بیسمنٹ کے گیٹ نمبر ایک کے قریب دکان میں آگ لگی۔ حکام واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو نے واٹر کارپوریشن سے فوری مدد طلب کرلی، نیپا اور صفورا ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ سخی حسن ہائیڈرنٹ پر واٹر ٹینکرز کو اسٹینڈ بائی پر کھڑا کردیا گیا ہے ۔ حکام کے مطابق واٹر کارپوریشن نے فوری طور پر واٹر ٹینکر جائے وقوع پر روانہ کردیے گئے ہیں، انچارج ہائیڈرنٹس سیل فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

واٹر کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ فوکل پرسن سی ای او ہائیڈرنٹس سیل آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق گل پلازہ کے اندر سے نشے کے عادی شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ ممکنہ طور پر نشے کا عادی شخص چوری کے لیے اندر داخل ہوا تھا۔ حراست میں لیے گئے شخص سے ہی ابتدائی طور پر آگ لگی ہے ۔واقعہ کے بعد ایم اے جناح روڈ کا ایک ٹریک ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ تبت سینٹر سے نمائش جانی والی سڑک مکمل بند ہوگئی۔ آگ کی اطلاع پر گارڈن پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور شہریوں کو آگ لگنے کے مقام سے دور کر دیا گیا۔ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے بتایا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیاں اور ایک باؤزر موقع پر پہنچ گئے ، مزید فائر بریگیڈ کی گاڑیاں گل پلازہ روانہ کردی گئی ہیں اور آگ بجھانے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہے ، جلد صورتحال پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا جائے گا۔ ریسکیو اور ریلیف سمیت تمام متعلقہ اداروں کو فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں