ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منائی گئی
لاہور کی بادشاہی مسجد،کراچی کی مختلف مساجد میں عید کے بڑے اجتماعات صدر مملکت آصف زرداری نے نوابشاہ ،بلاول نے لاڑکانہ میں نمازعید ادا کی
لاہور،کراچی ،پشاور ، کوئٹہ، اسلام آباد (این این آئی)لاہور،آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں عید الفطر جوش و جذبے کیساتھ منائی گئی ۔تفصیلات کے مطابق ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے ہزاروں اجتماعات منعقد ہوئے جن میں امت مسلمہ اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحا لی کیلئے دعائیں مانگی گئیں،نماز عید کی ادائیگی کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کو گل مل کر عید کی مبارکباد دی۔لاہور کی بادشاہی مسجد میں اور کراچی کی مختلف مساجد میں عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے نمازعید زرداری ہاؤس نوابشاہ میں ادا کی ،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں نماز عید ادا کی اورشہریوں میں گھل مل گئے ۔گورنر سندھ نہال ہاشمی نے عید کی نماز گورنر ہاؤس میں ادا کی جبکہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے راولپنڈی میں نماز عید پڑھی۔ مولانا فضل الرحمن نے ڈی آئی خان کے علاقے عید الخیل میں عید الفطر کی نماز پڑھائی۔ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عید الفطر کی مرکزی نماز فیصل مسجد میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی ۔