بھارت سندھ طاس معاہد ے پر عملدرآمد یقینی بنائے ، صدر / وزیراعظم

بھارت سندھ طاس معاہد ے پر عملدرآمد یقینی بنائے ، صدر / وزیراعظم

معاہدے کی معطلی قابل مذمت ، ہائیڈرولوجیکل ڈیٹا شیئرنگ میں خلل پر تحفظات ہیں گلیشیئرز کے تحفظ کیلئے علاقائی اور عالمی تعاون ناگزیر ہے ، عالمی یومِ آب پر پیغامات

 اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ آب اور گلیشیئرز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغامات میں ملک کو درپیش آبی چیلنجز، موسمیاتی تبدیلی اور خطے میں پانی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے ،عالمی یومِ آب کے موقع پر پیغام صدر مملکت کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر مذمت کا اعادہ کرتے ہیں، ہائیڈرولوجیکل ڈیٹا شیئرنگ میں خلل پر تحفظات ہیں،صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ خطے میں پانی کی منصفانہ تقسیم کا ضامن ہے ، بھارت سے معاہدے پر مکمل عمل درآمد بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صاف پانی تک رسائی بنیادی حق ہے جبکہ پانی کی کمی کا بوجھ خواتین اور لڑکیوں پر زیادہ پڑتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو شدید آبی قلت، موسمیاتی تبدیلی اور گلیشیئرز میں تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، حکومت قومی آبی پالیسی کے تحت اصلاحات، 18 ڈیمز کی تعمیر، نہری نظام میں بہتری، پانی کے ضیاع میں کمی اور ٹیلی میٹری سسٹم کے ذریعے شفاف تقسیم پر کام کر رہی ہے ۔صدر نے گلیشیئرز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہندوکش، قراقرم اور ہمالیہ کے 13 ہزار سے زائد گلیشیئرز دریائے سندھ کے نظام، زراعت، توانائی اور پانی کی فراہمی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 2025 کے فلیش فلڈز ایک وارننگ ہیں، جس سے نمٹنے کے لئے ابتدائی انتباہی نظام، پائیدار انفراسٹرکچر اور مقامی آبادی کی استعداد بڑھانا ضروری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں