میرا سیاسی، عوامی کردار مراد شاہ ادا کرینگے : گورنر سندھ، آج اتحاد کی زیادہ ضرورت : وزیر اعلیٰ

میرا سیاسی، عوامی کردار مراد شاہ ادا کرینگے : گورنر سندھ، آج اتحاد کی زیادہ ضرورت : وزیر اعلیٰ

قیدی نمبر 804کا مقدمہ زیر التوا، رہائی حکومت نہیں عدالتوں کا کام،ہمیں بتانا ہوگا پاکستان عظیم قوم،نہال ہاشمی مسلم ممالک جنگ کا ماحول جلدختم کریں، ملکی ترقی کیلئے قائداعظمؒ کے اصولوں پر عمل کرنا ہوگا،مراد علی شاہ، گفتگو

کراچی (خبر ایجنسیاں ) گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ میرا سیاسی اور عوامی کردار مراد علی شاہ ادا کریں گے ۔ گورنر سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ اور ارکان اسمبلی کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی،دونوں رہنماؤں نے بانی پاکستان کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ قیدی نمبر 804 کا مقدمہ زیر التوا ہے، عدالت انہیں چھوڑ سکتی ہے ۔نہال ہاشمی کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کی رہائی حکومت کا نہیں عدالتوں کا کام ہے، اگر عدالت انہیں بے گناہ سمجھے تو معاف کر دے ، ہم عدالتی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتے۔ گورنر سندھ نے کہا میرا سیاسی اور عوامی کردار مراد علی شاہ ادا کریں گے۔

نہال ہاشمی کا کہنا تھا قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے ایک قرارداد کے ذریعے پاکستان کے قیام کا تعین کیا، پاکستان بنانے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ نہال ہاشمی نے کہا جو بنیاد ہمارے بزرگوں نے رکھی تھی اس کی منزل ابھی آگے ہے ، ہمیں دنیا کو بتانا ہے پاکستان عظیم قوم ہے ۔ انہوں نے کہا ہمارا کام اقدار کی سیاست ہے ، اقتدار کی نہیں، مجھے فخر ہے میرا تعلق بانی پاکستان کی جماعت سے ہے ۔گورنر سندھ کا کہنا تھا میرے قائد نواز شریف کی سیاست پاکستان کو مضبوط کرنے کی سیاست ہے ، خود کو آئین سے ماورا نہیں سمجھتا، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے ساتھ مل کر سندھ کی خوشحالی کیلئے کام کریں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کی وجہ سے عوام کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، آج ہمیں اتحاد کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا مسلم ممالک کو چاہیے جنگ کا ماحول جلداز جلد ختم کریں، فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاک فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے ۔انہوں نے کہا شہید بھٹو اور شہید بی بی نے قائداعظمؒ کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے جدوجہد کی، صدر زرداری اور بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی جدوجہد آج بھی جاری ہے ، ملکی ترقی کیلئے قائداعظمؒ کے اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا سندھ حکومت عوامی فلاح کیلئے پرعزم ہے ، نوجوان نسل کو قائداعظمؒ کے نظریات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے ، پاکستان کو معاشی اور سماجی طور پر مستحکم بنانا اولین ترجیح ہے ۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ اسمبلی نے قرارداد پاکستان پاس کی، صوبہ سندھ نے پاکستان بنانے میں پہل کی، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ایٹمی پروگرام نے ملک کو طاقت دی، دشمن ہمیں میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، وزیراعظم سے ملاقات ہونے پر سیاسی باتوں کو ضرور سامنے رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہمیں متحد رہنا ہوگا اور اختلافات سے بالاتر ہو کر پاکستان کا دفاع کرنا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے عالمی امور پر پاکستان کے موقف کو دہراتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور فلسطین میں اسرائیلی تشدد کی مذمت کی اور مسلم دنیا میں امن کی ضرورت پر زور دیا۔ مراد علی شاہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت صوبے کے آئینی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی اور قومی مفاد میں فیصلے کرے گی، تاہم سندھ کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں