امریکا، اسرائیل اور بھارت کا اتحاد تثلیث خبیثہ ہے :حافظ نعیم

 امریکا، اسرائیل اور بھارت کا اتحاد تثلیث خبیثہ ہے :حافظ نعیم

شیعہ سنی اختلافات کو ہوا دینے والے دشمن کے ایجنڈے پر کام کر رہے :گفتگو 23 مارچ قوم کیلئے تجدید عہد کا دن ہے :امیر جماعت اسلامی پاکستان، بیان

کراچی ،لاہور(سٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ امریکا، اسرائیل اور بھارت کا اتحاد تثلیث خبیثہ ہے ،امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا،ایران کی قیادت خراج تحسین کی مستحق ہے جس نے امریکا و اسرائیل کے عزائم کو ناکام بنایا،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خود تضادات کا شکار ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں عید ملن پارٹی میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مزید کہا کہ عوامی سطح پر امت مسلمہ کا اتحاد موجود ہے مگر حکمران طبقہ نے امت کو تقسیم کر رکھا ہے، شیعہ سنی اختلافات کو ہوا دینے والے دراصل دشمن کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔

حکومت اور اپوزیشن کو واضح موقف اپنانا ہوگا، ملک میں ایسی قیادت آنی چاہیے جو عوام کی خدمت کرے اور بیرونی طاقتوں کے بجائے عوامی مفادات کو ترجیح دے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ایک طرف حکمران طبقہ عیاشیوں میں مصروف ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اربوں روپے مالیت کا طیارہ خریدا جاتا ہے اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کروڑوں روپے کی گاڑیاں خرید رہے ہیں جبکہ دوسری طرف عوام پر مہنگائی کے بم برسائے جا رہے ہیں ،بڑے بڑے جاگیرداروں اور بااثر طبقے پر ٹیکس لگانے سے گریز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آئی پی پیز مافیا کا راج ہے ، جہاں ہزاروں ارب روپے ایسی بجلی کی مد میں ادا کئے جا رہے ہیں جو پیدا ہی نہیں ہوتی ،اشرافیہ کو قانون کے کٹہرے میں لانے تک عوام کو حقیقی ریلیف نہیں مل سکتا۔حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ غزہ کے بچے اور مجاہدین خراجِ تحسین کے مستحق ہیں وہ ملبے کے ڈھیروں میں بھی عید منارہے ہیں اور ا ن کے حوصلے بلند ہیں۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی پاکستان نے اپنے بیان میں کہا کہ 23 مارچ 1940 کی قرارداد میں اسلامی جمہوری پاکستان کی بنیاد رکھی گئی، یہ دن قوم کیلئے تجدید عہد کا دن ہے ، اسی روز پاکستان کی اساس دو قومی نظریہ پر رکھی گئی لہذا قرآن و سنت کے نظام کا نفاذ ہی قرارداد پاکستان کی اصل روح ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں