ٹرمپ کو سلیوٹ کرنیوالے کو وزیراعظم نہیں مانتے : آفریدی

 ٹرمپ کو سلیوٹ کرنیوالے کو وزیراعظم نہیں مانتے : آفریدی

عمران قومی یکجہتی کی علامت،ان کیلئے سر پر کفن باندھ کرسڑکوں پر نکلیں گے :خطاب وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوا ہاؤس میں پودا لگا کر احساسِ شجر مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا

پشاور،پشین (مانیٹرنگ ڈیسک،نامہ نگار )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ہم ایک غیرت مند قوم ہیں جو ڈونلڈ ٹرمپ کو سلیوٹ مارنے والے کو وزیراعظم نہیں مانتے ، ان لوگوں نے ہمیشہ انگریزوں کی غلامی کی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبہ بلوچستان کے علاقہ پشین میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔علاوہ ازیں انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کلین اینڈ گرین پاکستان ویژن کے تحت خیبرپختونخوا ہاؤس میں پودا  لگا کر احساسِ شجر مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔

وزیراعلیٰ نے جلسہ سے خطاب میں کہا کہ افغانستان پر جو یہ بند کمروں میں پالیسی بناتے ہیں ہم اس پر تنقید کریں تو ہمیں کہتے ہیں افغانستان چلے جاؤ، جب ہم کہیں کہ ایران کے معاملے میں قوم کو اور پارلیمان کو اعتماد میں لیں تو کہتے ہیں ایران چلے جاؤ، کیا یہ پاکستان تمہارے باپ کا ہے ؟، پاکستان میرا ہے اور میں اس کا مالک ہوں ، میں پاکستان کا عام شہری ہوں اور پاکستان کا عام شہری ہی ریاست ہے ۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں صرف ایک لیڈر پر پورا پاکستان متفق ہے جو قومی یکجہتی کی علامت ہے اوراڈیالہ جیل میں ناحق قید ہے ، اس کا نام عمران احمد خان نیازی ہے ، ہم نے اس کیلئے گولی بھی کھانی ہے اور اس کیلئے سڑکوں پر بھی نکلنا ہے ، اس بار نکلیں گے تو سر پر کفن باندھ کر نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں نہ ہی ہم بوٹ پالشی ہیں نہ ہی دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ہرا سکتی ہے ، آپ نے صرف ہم پہ اعتماد رکھنا ہے ، اپنے ورکرز کی بہادری پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ دریں اثنا پختونخوا ہاؤس میں شجرکاری مہم کے آغاز پر گفتگو میں سہیل نے کہا کہ ایک ہی دن سرکاری سطح پر 10 لاکھ پودے لگانے کا ہدف ہے ، پی ٹی آئی حکومت کے اقدامات سے صوبے کے جنگلاتی رقبے میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے ، ماحولیاتی چیلنجز کے پیش نظر جنگلات کا فروغ و تحفظ ناگزیر ہو چکا ۔ صوبے کے 285 مقامات پر بیک وقت شجرکاری سرگرمیاں جاری، تمام انتظامات پہلے سے مکمل ہیں۔ مہم کی نگرانی کے لیے جدید ویب پورٹل اور مرکزی کنٹرول سسٹم فعال کردیا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں