عطاتارڑ کی کتے کے کاٹنے سے ہلاک بچی کے ورثا سے ملاقات
وفاقی وزیر نے 5لاکھ کا چیک دیا،متوفیہ کے والد کو نوکری دینے کاحکم 2رکنی کمیٹی قائم، عدالت سے اسٹے ختم کرنے کی درخواست کریگی:عطا تارڑ
لاہور (اے پی پی،دنیا نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ صوبائی دارالحکومت کے علاقہ ٹاؤن شپ میں ایک روز قبل کتے کے کاٹنے سے ہلاک ہونیوالی 8 سالہ بچی مہر کے گھر گئے اور اہلخانہ سے افسوس کا اظہار کیا، سینئر سیاستدان ساجدہ فاروق ان کے ہمراہ تھیں۔انہوں نے کمسن متوفیہ کے والد قیصر صدیق مسیح سے ملاقات کی اورپانچ لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا جبکہ بچی کے والد کی نوکری کے احکامات بھی جاری کئے اور کہا کہ رفاقت ڈوگر اور میری گل پر مشتمل دورکنی کمیٹی بنا دی، جو علاقے سے آوارہ کتوں کے خاتمے کے حوالے سے حکم امتناعی جاری کرنے والی عدالت کے سامنے صورتحال پیش کرے گی، کمیٹی عدالت سے اسٹے ختم کرنے کی درخواست بھی کرے گی۔عطا تارڑ نے مزید کہا کہ اس واقعے پر دِل انتہائی غم زدہ ہے ، آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ایسے واقعات کو کنٹرول کرنے کیلئے جو بھی ممکن ہوگا ،کریں گے ۔