مبینہ پولیس مقابلے :ڈی جی ایف آئی اے سمیت فریقین کو نوٹس
ریکارڈ طلب کرکے انکوائری کا حکم دیکر مقابلے فوری روکے جائیں :درخواستگزار
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے سی سی ڈی کی جانب سے مبینہ پولیس مقابلوں کی تفصیلات اور ان مقابلوں کو روکنے کیلئے ایف آئی اے کو فریق بنانے کی درخواست پر ڈی جی ایف آئی اے سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر تے ہوئے سماعت 4 اپریل تک ملتوی کر دی ۔ ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور نے درخواست پر سماعت کی۔ درخواست جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دائر کی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ ایف آئی اے دورانِ حراست اموات کے کیسز میں ریگولیٹری اتھارٹی ہے ، لہٰذا اسے فریق بنانے کی اجازت دی جائے ۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت میں پولیس مقابلوں کے خلاف درخواست زیرِ سماعت ہونے کے باوجود یہ سلسلہ جاری ہے ، جس سے شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ پولیس مقابلوں کا ریکارڈ طلب کیا جائے ، انکوائری کا حکم دیا جائے اور فوری طور پر پولیس مقابلے روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔