سپر لیگ شیڈول میں تبدیلی،نقوی کی شائقین سے معذرت

سپر لیگ شیڈول میں تبدیلی،نقوی کی شائقین سے معذرت

چیئرمین بورڈ کی تمام ٹیموں کے اعزاز میں تقریب،ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں،معزز شخصیات کا استقبال کیا، ٹرافی کی رونمائی بھی کی خطے کی صورتحال کے باعث قومی مفاد میں لیگ کو محدود کیا ، مجھے یقین ہے کہ آج کی یہ قربانی کل کی آسانی بن کر سامنے آئے گی

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پی ایس ایل 11 کے شیڈول میں تبدیلی پر شائقین کرکٹ سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک و قوم کا مفاد سب سے پہلے دیکھنا ہوتا ہے ۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی جانب سے پی ایس ایل 11 کی تمام ٹیموں کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی۔چیئرمین پی سی بی نے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں اور معزز شخصیات کا استقبال کیا، تقریب کے دوران پی ایس ایل 11 کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی جبکہ پی ایس ایل 11 کا ترانہ بھی لانچ کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ شائقین کرکٹ سے دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہوں، آپ کو ملک و قوم کا وسیع تر مفاد سب سے پہلے دیکھنا ہوتا ہے ۔محسن نقوی نے کہا کہ خطے کی صورتحال کے باعث قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 11 کو محدود کیا گیا ہے ، مجھے یقین ہے کہ آج کی یہ قربانی کل کی آسانی بن کر سامنے آئے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ایک ٹاپ انٹرنیشنل برانڈ بن چکا ہے اور ہم نے اسے مزید آگے لے کر جانا ہے ۔تقریب میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، عطائاللہ تارڑ، سالک حسین، علی پرویز ملک سمیت سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر شافع حسین، طلحہ برکی، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے شرکت کی۔فرنچائز اونرز، ہیڈ کوچ پاکستان ٹیم، قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں سمیت پی ایس ایل کے لیے آئے ہوئے انٹرنیشنل کھلاڑی بھی تقریب میں شریک ہوئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں