خیبرپختونخوا حکومت نے بھی سرکاری گاڑیوں میں ہائی آکٹین فیول کے استعمال پر پابندی عائد کر دی
پشاور(این این آئی)خیبرپختونخوا حکومت نے تمام سرکاری گاڑیوں میں ہائی آکٹین فیول کے استعمال پر پابندی عائد کر دی۔ محکمہ انتظامی امور خیبرپختونخوا نے ہائی آکٹین فیول کے استعمال پر پابندی کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق حکومت نے تمام سرکاری گاڑیوں میں ہائی آکٹین فیول کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے ، ہائی آکٹین پر پابندی فیول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی پیش نظر کی گئی، ہائی آکٹین فیول کے استعمال پر پابندی کافیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، اعلامیہ کے مطابق کسی بھی سرکاری گاڑی میں ہائی آکٹین فیول استعمال نہیں کیا جائے گا، اگر کسی ناگزیر صورتحال میں ہائی آکٹین فیول کا استعمال ضروری ہو تو متعلقہ افسر اسے اپنی ذاتی جیب سے استعمال کرے گا، سرکاری خزانے سے اس کی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔ تمام پرنسپل اکائو نٹنگ افسروں اور اداروں کے سربراہوں کو فیصلے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔